مظفر آباد: وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کی مثال پورے برصغیر میں نہیں ملتی ہے۔ آزادی کے لیے کشمیریوں کی قربانیاں لازوال ہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے آرپار بہت سے رشتہ دار موجود ہیں اور حکومت پاکستان ہندوستان سے رشتہ داروں کو ملانے کے حوالے سے بات کرے۔ جیسے کرتار پور بارڈر کھولا گیا ہے اسی طرح کارگل بارڈر کو بھی کھولا جائے۔
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں جلد رنگ لائیں گی۔ پاکستان ہمارا وکیل ہے اور سیاسی اور معاشی طور پر مستحکم پاکستان ہی ہمارا بہترین وکیل ہو گا جب کہ کشمیریوں کی قربانیاں پاکستان کے لیے ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ جی بی کے آئینی حقوق کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔ مسئلہ کشمیر پوری پاکستانی قوم کا مسئلہ ہے۔ کشمیریوں اور پاکستانیوں کا رشتہ قائد اعظم محمد علی جناح نے قائم کیا تھا اور مفکر پاکستان علامہ اقبال پاکستان و کشمیر کی یکجہتی کے علمبردار تھے۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدر پاکستان کی آزاد کشمیر آمد اور قانون ساز اسمبلی میں شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اچھا ہوتا کہ وزیر اعظم پاکستان بھی اپوزیشن لیڈر کے ساتھ آتے۔