پاپا کی باجی نے سندھ کے اسپتالوں کا باجا بجا دیا ہے، فردوس شمیم


کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ پاپا کی باجی نے سندھ کے اسپتالوں کا باجا بجا دیا ہے۔ اسمبلی میں ایسے بولتی ہیں لگتا ہے کہ سچ بول رہی ہیں۔

فردوس شمیم نقوی نے کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے حالات بہت خراب ہوتے جا رہے ہیں جب کہ سندھ کے اسپتالوں اور اسکولوں کی حالت زار انتہائی خراب ہے۔

فردوس شمیم نقوی نے سندھ کے اسپتالوں کی ناقص صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سانگھڑ میں دو سو بیڈ پر مشتمل اسپتال ہے لیکن 20 اسامیاں خالی تھیں جب کہ ای سی جی روم میں کوئی ایڈیشنل نوٹس نہیں لگایا گیا تھا۔ اسپتال کی ناقص صورتحال دیکھ کر بہت افسوس ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اسپتال میں بلڈ پریشر ٹیسٹ کروایا جو کہ غلط آیا جب کہ اسپتال میں پانچ ایمبولینس ہیں جن میں سے صرف ایک ہی چل رہی ہے اور ہر مریض کو ادویات میں دوائی زینیکس دی جارہی تھی لگتا ہے کہ اس کی مدت معیاد ختم ہو رہی تھی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ڈسٹرکٹ اسپتال میں ایک بھی انکیوبیٹر نہیں ہے تاہم ڈائیلیسز کا وارڈ اچھا لگا لیکن اسے پرائیویٹ ادارہ چلا رہا تھا جب کہ پورے اسپتال میں ایک بھی مکینکل وارڈ نظر نہیں آیا۔

تحریک انصاف کے رہنما کی تنقید پر وزیراعلی سندھ کے مشیر مرتضی وہاب نے ردعمل میں کہا ہے کہ تحریک انصاف سے وفاقی حکومت سنبھل نہیں رہی  اس لیے سندھ حکومت کی کارکردگی پر اعتراضات اٹھائے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مگر مچھ کے آنسو بہا کر سندھ کے عوام کو گمرا ہ کررہے ہیں ۔ صوبے کے سرکاری اسپتال کارکردگی میں ملک بھر میں پہلے نمبر پر ہیں ۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ اچھی چیز ڈھونڈنے کے لئے نیت کا صاف ہونا بہت ضروری ہے۔ سانگھڑ میں اسپتالوں کی صورت حال پر اعتراض محض سستی شہر حاصل کرنے کی کوشش ہے۔ اسپتالوں میں ایمبولنسز اور دیگر سہولتیں موجود ہیں۔ صرف دیکھنے والوں کی نظر کمزور ہے۔


متعلقہ خبریں