اب پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہی ہوں گے،شہریار آفریدی



کوہاٹ: وفاقی وزیر مملکت شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ اب پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہی ہوں گے، ہم کسی کے آگے سر نہیں جھکائیں گے۔

کوہاٹ میں یونیورسٹی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف دشمن کے حربے ناکام بنانے کے لیے سر توڑ کوشش کی ہے، ہماری قوم ہر رکاوٹ کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی طاقتوں نے پاکستان کو تباہ کرنے کی کوئی سازش نہیں چھوڑی لیکن پاکستانی قوم نے بہادری کا مقابلہ کرتے ہوئے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔

رہنما پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا ہمیں دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ ہمارا ملک ترقی کے سفر پر روانہ ہوچکا ہے۔ دنیا میں ہمیں انتہا پسند قوم کی نظر سے دیکھا جاتا تھا لیکن آج چین کے سفیر کا پاکستان آنا اس بات کا ثبوت سے کہ ہم امن پسند قوم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں انصاف کے عمل کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ امن قائم رکھنا ہی ہمارا مقصد ہے۔ انتہا پسندی اور تنگ نظری کا خاتمہ کردیا ہے جس کے بعد پوری دنیا پاکستان کی عزت کر رہی ہے۔

قبائلی علاقوں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ قبائلی علاقوں میں بہترین ترقیاتی کام کیے جائیں گے۔ فاٹا انضمام خیبر پختونخواہ ترقی کی راہیں کھولے گا۔

ویزا پالیسی میں کی گئی نرمی کے حوالے سے شہریار خان آفریدی کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ویزہ پالیسی میں نرمی کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں