ستر سال کی تباہی پانچ ماہ میں ختم نہیں ہو سکتی، فردوس شمیم نقوی


پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو سب سے زیادہ مقروض حکومت ملی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کی گئی ستر سال کی تباہی پانچ ماہ میں ختم نہیں ہو سکتی۔ پیٹرول کی قیمت میں کمی کو اونٹ کے منہ میں زیرہ کہنے والوں کو یہ بات یاد رکھنی چاہیئے کہ قطرہ قطرہ دریا بناتا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت گیارہ سال میں ترقی کے بلندو بانگ دعوے کرتی رہی ہے، پیپلز پارٹی کی طبیعیت اسمبلی میں صاف کروں گا۔ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری محبت سے نہیں بلکہ خوف سے حکومت کرتے آئے ہیں۔

صوبہ سندھ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اندرون سندھ کے اسپتالوں کا برا حال ہے جبکہ اسپتال کا اسٹور کیپر بھی ارب پتی ہے۔ لاڑکانہ کے 90 ارب روپے نظر نہیں آتےاور ٹنڈو الہیار میں سیوریج کا نظام دور دور تک نظر نہیں آتا۔ یہ جیبیں بھرنے کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیئے۔ اس حوالے سے اسپتالوں، تعلیمی اداروں اور پولیس اسٹیشنز کے ود دورے کروں گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں تمام سندھی بھائیوں کو احساس دلانا چاہتا ہوں کہ ان کے مسائل جاننے کے لیے خود آرہا ہوں۔ سندھ حکومت نیب کا فیصلہ آنے تک رکی ہوئی ہے۔

رہنما پاکستان تحریک انصاف نے بتایا کہ ملک اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔ امپورٹ کم کرکے ایکسپورٹ بڑھائیں گے توملک میں معاشی استحکام آئے گا۔ سرمایہ کارہ ہو گی تو غریب لوگوں کے دن بدلیں گے۔

حج کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہر سال سعودی حکومت حج کو دس فیصد مہنگا کرتی ہے۔ اس سال سب کو کفایت شعاری کرنی چاہیئے اور صاحب استطاعت لوگوں کو ہی حج کے لیے جانا چاہیئے۔


متعلقہ خبریں