پی ٹی آئی اور ایم کیوایم ایک دوسرے کیخلاف بیانات نہ دینے پر متفق



کراچی: پاکستان تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان ایک دوسرے کیخلاف بیانات نہ دینے پر متفق ہو گئے ہیں۔ تحریک انصاف نے میئر کراچی کے خلاف بیان بازی نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

کراچی میں ایم کیو ایم کے ایک وفد میں گورنر سندھ سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں ایم کیو ایم کے کنور نوید ، خواجہ اظہار الحسن ، فیصل سبزواری جبکہ پی ٹی آئی سے قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی، ایم پی اے جمال صدیقی اور ایم پی اے حلیم عادل شیخ شریک تھے۔

ملاقات کے دوران خواجہ اظہار الحسن نے اسمبلی میں فردوس شمیم نقوی کی حکمت عملی پر تنقید کی اور فیصل سبزواری نے شکوہ کیا کہ رکن سندھ اسمبلی عالمگیر خان بلدیاتی نمائندوں سے الجھتے ہیں۔

گورنرہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم ورکنگ رلیشن شپ مزید بہتر کرنے پر اتفاق کیا گیا، تمام سیاسی اشوز پر مل بیٹھ کر بات کرنے، سندھ اسمبلی میں متحدہ جدوجہد جاری رکھنے کا عزم اور سیاسی معاملات پر بیان بازی نہ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ ایم کیو ایم ہماری اتحادی ہے اور رہے گی ہم  اتحادیوں کے خدشات دور کریں گے۔

ایم کیو ایم کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بتانا پڑتا ہے کہ ہم آپ کے اتحادی ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی میں موجود اپوزیشن لیڈر کو ان کی پارٹی کے اراکین نے بھی ووٹ دیے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کا میئر کراچی وسیم اختر کے ساتھ ورکنگ رلیشن شپ بنتا ہے۔

انہوں نے اس تاثر کی نفی کی کہ پیپلز پارٹی ان سے ملتی نہیں بلکہ چپکے چپکے سے دعوت دیتی رہتی ہے۔

خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ ماضی کی بدترین مخالف جماعتیں پیپلزپارٹی ن لیگ اتحادی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس 94 کے انتخابات کے بعد سب کو صبر کرنا چاہیئے، اب ثابت ہوگیا کہ ایم کیوایم ایک حقیقت ہے اور ضرورت بھی۔

ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ کراچی کو ہمیں بنانا ہے، میئربھی بات کرتا ہے، وزیراعظم عمران خان کو بات کرنی چاہیئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز دونوں اتحادی جماعتوں کے درمیان اختلافات اس وقت سامنے آئے جب رہنما خرم شیرزمان نے خواجہ اظہارالحسن سے اسمبلی میں احتجاج کے دوران ساتھ نہ دینے کا شکوہ کیا۔

اس پر ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی محمد حسین نے تحریک انصاف سے مئیروسیم اخترکے خلاف پریس کانفرنس کرنے کا طعنہ دیا۔

اتحادیوں سے معاملات کو درست کرنے کے لیے تحریک انصاف کے فردوس شمیم نقوی نے اپوزیشن اراکین کواپنے گھر پر عشائیے پر مدعو کیا لیکن اس میں ایم کیو ایم کی جانب سے کسی رہنما یا رکن اسمبلی نے شرکت نہیں کی۔

قومی اسمبلی میں سات نشستیں رکھنے والی ایم کیوایم پاکستان تحریک انصاف کی اہم اتحادی ہے لیکن دونوں جماعتوں کی کراچی کی قیادت کے ایک دوسرے کیخلاف بیانات اورشکایات سے یہ تعلق تناؤ کا شکار ہے۔


متعلقہ خبریں