آصف زرداری کے خلاف نااہلی کی درخواستیں سماعت کے لیے مقرر

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف نااہلی کی درخواستوں کو سماعت کے لیے مقرر کر لیا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر کے خلاف نااہلی کی درخواستوں کو رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور ہونے کے بعد کل سماعت کے لیے مقرر کیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ درخواستوں کی سماعت کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں عثمان ڈار اور خرم شیر زمان نے آصف زرداری کی اہلیت کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔

درخواستوں میں آصف علی زرداری کی بطور پارٹی سربراہ اور بطور رکن قومی اسمبلی تاحیات نااہلی کی استدعا کی گئی ہے۔

عدالت نے گزشتہ روز رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ ابتدائی سماعت کی تھی۔

درخوست میں بتایا گیا ہے کہ آصف زرداری نے کاغذات نامزدگی میں اپنے اثاثے چھپائے تھے جس کے بعد وہ صادق اور آمین نہیں رہے۔

درخواست گزارکی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ آصف علی زرداری کو آرٹیکل باسٹھ ون ایف کے تحت نا اہل قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے آصف زرداری کے خلاف درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی تھی جس کے بعد سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے اعتراض لگا کر انہیں مناسب فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔

اس سے قبل  پی ٹی آئی کی جانب سے 20 دسمبر 2018 کو سابق صدر پاکستان کے خلاف نااہلی کی درخواست الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں جمع کرائی گئی تھی۔ جسے دس جنوری کو واپس لیتے ہوئے عدالت میں جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں