ایم کیو ایم رکن قومی اسمبلی سے بھتہ طلب

رکن قومی اسمبلی اسامہ قادری کو 25 لاکھ روپے بھتہ نہ دینے کی صورت میں قتل کی دھمکیاں—فائل فوٹو۔


کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رکن قومی اسمبلی اسامہ قادری بھی بھتہ خوروں سے محفوظ نہ رہ سکے، بیرون ملک سے 25 لاکھ روپے بھتہ نہ دینے پر قتل کی دھمکیاں بھی ملنے لگیں۔

کراچی میں حلقہ این اے 253 سے رکن قومی اسمبلی کو بھتے کے لئے کالز واٹس ایپ پر موصول ہوئیں۔

ان کا کہنا ہے کہ صورتحال سے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کو آگاہ کیا تھا مگر انہوں نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔

اسامہ قادری کے مطابق جنوبی افریقہ سے آپریٹ ہونے والے نمبر سے انہیں  مسلسل قتل کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔

انہوں نے ایس ایس پی سیکیورٹی کی جانب سے بھی کوئی ایکشن نہ لینے پر تشویش کا اظہار کیا۔

دوسری  جانب کراچی میں اورنگی مومن آباد، طارق روڈ، ملیر اور محمود آباد سمیت  مختلف علاقوں میں پولیس ایکشن کے دوران زخمی ملزم سمیت 18 ملزموں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

اینٹی نارکو ٹکس فورس نے بھی قصبہ کالونی میں گاڑی سے 84 کلو منشیات برآمد کرکے ملزم گرفتار کرلیا۔

گلستان جوہر میں بھی سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے راہگیر خاتون کے زخمی ہونے پر پولیس نے گرفتار کرلیا۔

ادھر آئی جی سندھ نے ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی اسامہ قادری  نے بھتہ طلب کئے جانے کا نوٹس لے لیا۔

آئی جی سندھ نے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی عبد اللہ شیخ کو  معاملے پر انکوائری افسر نامزد کردیا۔


متعلقہ خبریں