کراچی: لیاری گینگ وار کے بھتہ خور ایک مرتبہ پھر سرگرم


کراچی: شہر قائد میں ایک مرتبہ پھر لیاری گینگ وار کے کارندے سرگرم ہونے لگے ہیں، بھتہ خوروں نے گزشتہ رات کارروائی کرتے ہوئے ایک تاجر کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔

ذرائع کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ رات پیپلز چورنگی کے قریب پیش آیا جس کی ایف آئی آر متعلقہ تھانے میں درج کرلی گئی ہے۔

الیکٹرونکس مارکیٹ کے صدر نے واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ تاجر کو بھتے کی کال غیر ملکی نمبر سے کی گئی تھی، تاجر نے کال دکان سے گھر جاتے ہوئے اٹھائی تھی جس پربھتہ خوروں نے تاجر سے 50 لاکھ بھتے کی مانگ کی تھی۔

الیکٹرونکس مارکیٹ کے صدر محمد رضوان کا کہنا تھا کہ کال کرنے سے پہلے تاجر کو وائس میسج بھیجا گیا تھا، صدر کا کہنا تھا کہ کال کرنے والے نے اپنا تعلق لیاری گینگ وارکے بابا لاڈلا گروپ سے بتایا تھا۔

تاجر نے بھتہ خور کی دوسری کال آنے پر لائن منقطع کر دی تھی۔ بعدازاں پیپلز چورنگی پہنچنے پر موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے تاجر پر فائرنگ کردی۔

الیکٹرونکس مارکیٹ کے صدر محمد رضوان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کر کے فرار ہونے کے بعد بھتہ خورنے زخمی تاجرکو دوبارہ وائس میسج بھیجا جس میں بھتہ خور نے تاجر سے گولی کے حوالے سے پوچھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بھتہ خور نے جمعرات کو تاجر کو دوبارہ کال کرنے کی دھمکی دی ہے۔


متعلقہ خبریں