175 ممالک کیلئے ویزا پالیسی نرم کی ہے، شاہ محمود قریشی


اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم نے ملک میں سیکیورٹی صورتحال بہتر ہونے  پر 175 ممالک کیلئے ویزا پالیسی نرم کی ہے اور 50 ممالک کو ویزا آن آرائیول کی سہولت دی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اگر سیکیورٹی ایجنسیز کو کسی مسافر کے ساتھ مسئلہ ہے تو وہ سات سے دس دن میں جواب دینی کی مجاز ہیں بصورت دیگر خود بخود ویزا پراسیسس ہو جائے گا۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ سوات اور فاٹا میں حالات پہلے سے بہتر ہیں۔

وزیرخارجہ نے بتایا کہ ہم  کرتار پور بارڈر کھولنے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے، سکھ یاتریوں کو تمام تر سہولیات فراہم کریں گے اور یہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے ایک شاندار اقدام ہے، ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے چھوٹے فیصلوں سے بڑی بڑی تبدیلیاں آتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ہمارے فوج نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں اسی لیے آج ملک کی سیکیورٹی صورتحال ماضی سے بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان آنے والے سیاحوں کو ہر قسم کی سہولیات دیں گے اور ہم نے وہ علاقے بھی غیرملکیوں کیلیے کھول دیے ہیں جہاں کبھی امن نہیں تھا۔


متعلقہ خبریں