ترقی کے لیے قائد کے ویژن پر عمل پیرا ہونا ہوگا، جام کمال

فوٹو: ہم نیوز


کراچی: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ سعودی عرب بہت جلد گوادر میں آئل ریفائنری لگائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی صورت میں ترقی کا بہت بڑا موقع ہے۔ انہوں ںےکہا کہ ترقی کے لیے قائد کے ویژن پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔

وہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر حاضری کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے بانی پاکستان کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اعتراف کیاکہ ماضی میں صحت کے شعبے پرتوجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام ڈسٹرکٹ اسپتالوں کی حالت بہتر بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت کی بہترسہولتوں کے لیے بلو چستان میں ٹراما سینٹرز قائم کرنے جارہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹراما سینٹرز کی تعداد 16 سے بڑھا کر 18 کردی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بھی ریسکیو 1122 سروس جلد شروع کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ بلوچستان میں لاپتہ افراد کا معاملہ بہت عرصے سےچل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اس مسئلے پر کام کررہی ہے۔


متعلقہ خبریں