مشن سندھ کے لئے وفاقی وزرا کا کراچی میں ڈیرہ


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی وزرا کو سندھ کے حوالے سے ایک اہم ٹاسک سونپ دیا جس کے بعد وزرا نے کراچی میں ڈیرے ڈال لیے ہیں۔

اس ضمن میں گورنر ہاؤس میں اہم اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے جس میں شرکت کے لئے وفاقی وزرا فیصل واوڈا اور علی زیدی رات کو کراچی کا رخ کریں گے جبکہ وزیر ریلوے شیخ رشید اور وزیر صحت عامر کیانی پہلے ہی کراچی میں موجود ہیں۔

سندھ میں وفاقی حکومت کی جانب سے دباؤ کو کم کرنے کی غرض سے ن لیگ سندھ کے وفد نے پارٹی صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی جنہوں نے صوبے میں سب کو ساتھ لے کر چلنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

خیال رہے کہ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد سندھ سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام بھی ان 172 میں شامل ہے جن کی فہرست سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی ہے۔

وفاق میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف اس بات پر زور دے رہی ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔ مزید براں پی ٹی آئی سندھ نے چند روز قبل ہی میڈیا میں کہا تھا کہ ہم صوبائی حکومت گرانے کی پوزیشن میں ہیں اور بہت سارے صوبائی وزرا ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔

دوسری جانب سندھ میں حکمراں جماعت پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی صوبے بھر میں سیاسی اجتماعات اور ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔


متعلقہ خبریں