سیاحت کے فروغ کے راستے میں بڑی رکاوٹ دور، فہمیدا مرزا


اسلام آباد: وفاقی وزیر بین الصو بائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے ہماری بدقسمتی ہے کہ ہم نے پاکستان کے ان علاقوں کا سفر ہی نہیں کیا جنہیں دیکھنے کے لئے باہر ممالک کے لوگ آتے ہیں۔

اسلام آباد میں سینئر صوبائی وزیرعاطف خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکڑ فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام صوبے سیاحت کو فروغ دینے کے حوالے سے اقدامات کریں گے اس ضمن میں وفاقی حکومت سیاحتی مقامات کی سیکیورٹی کے مسائل کو دور کرنے کیلئے کام کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پہلی بار پاکستانی سیاحت سے متعلق دنیا میں ایک مثبت پیغام دیاجا رہا ہے، عوامی مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں، ملک کے مختلف مقامات سیاحت کے لئے پرکشش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آغازمیں ملک بھر کے 20 نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی کریں گے، ویزا اجراء کی پالیسی کو آسان بنا دیا گیا، سیاحت کے فروغ کے لیے سب سے بڑا مسئلہ ویزے کے اجرا کا تھا۔

فہمیدہ مرزا نے کہا کہ ہم نے سیاحت سے ملک کی ریونیو کو بڑھانا ہے، پاکستان سیاحت کے اعتبار سے جنت کا ایک ٹکڑا ہے، وزیراعظم جہاں جاتے ہیں سیاحت کو فروغ دینے کے حوالے سے بات کرتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی سیاحت پر خصوصی توجہ مرکوزہے، ہم نے سیاحت سے ملک کے ریونیو کو بڑھانا ہے۔

اس موقع پرخیبرپختونخوا کے سئینر وزیر عاطف خان نے کہا ہے کہ ملک میں سیاحت ایک انڈسٹری کی شکل اختیار کر چکی ہے۔پاکستان میں بھی حالات کی بہتری کے بعد سیاحت کے فروغ کے لئے وزٹ پاکستان کے نام سے ایک پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں کو اس بات پر اتفاق کرکے ایک پلیٹ فارم پرآنا چاہیے تاکہ شعبے میں موجود مسائل کا مشترکہ طورپر خاتمہ کیا جاسکا۔ صوبے میں سیاحت میں اضافے سے وہاں کے لوگوں کی زندگیوں میں نئے مواقع آئیں گے۔


متعلقہ خبریں