سعد رفیق کا حکومت کو اپوزیشن اتحاد سے نہ ڈرنے کا مشورہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہم حکومت کو گرانا نہیں چاہتے، اگر حکومت گرانے کے بارے میں سوچیں گے تو ایسا نہ ہوکہ نظام ہی گر جائے۔

خواجہ سعد رفیق نے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سنجیدگی کا راستہ اختیار کرے اور وزیر اعظم کنٹینر سے واپس آئیں کیونکہ  آپ نے بھی چند دن بعد وہیں آنا ہے جہاں ہم کھڑے ہیں۔

انہوں ںے حکومتی اراکین کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ طعنے بازی ختم کریں ملک آپ کے ہاتھوں میں لرز رہا ہے۔ پارلیمنٹ کو با اختیار بنانے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا کیونکہ اپوزیشن نے ماضی کی غلطیوں سے بہت کچھ سیکھا ہے لیکن مشرف کے ترجمان جو اب آپ کے ترجمان بنے ہوئے ہیں یہ سب کو لڑاتے ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ ہم آپ کے مینڈیٹ کو نہیں مانتے لیکن آپ کی حکومت کو گرانا بھی نہیں چاہتے تاہم  ہم چاہتے ہیں کہ جو چاند تارے توڑنے کے وعدے آپ نے کیے اس کا 10 فیصد ہی کر کے دکھا دیں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) تمام سیاسی جماعتوں کو کسی ایک ایجنڈے پر بلائیں اور اگر خودمختار پارلیمنٹ بنانی ہے تو اس دھکم پیل سے نکلیں۔ پہلے یوسف رضا گیلانی کو نکال دیا گیا پھر نواز شریف کو نکال دیا اور ہم نہیں چاہتے کہ عمران خان کو بھی ایسے ہی نکالا جائے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اپوزیشن جمہوری حق استعمال کر کے حکومت کو آئینہ دکھاتی رہے گی، اپوزیشن کا متحد ہونا پہلی بار نہیں ہوا یہ پارلیمانی روایت ہے لیکن آپ اپوزیشن کو اپنے خلاف نہ سمجھیں۔


متعلقہ خبریں