اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ ملاقات کیلئے قومی احتساب بیورو(نیب) چیئرمین کے پاس نہیں جائیں گے۔
باوثوق ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں آج چیئرمین نیب جاوید اقبال کو بذریعہ خط متفقہ فیصلے سے مطلع کریں گی۔ خط میں چیئرمین نیب کو پارلیمنٹ آنے کا کہا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ خط پر اپوزیشن جماعتوں کے اراکین کے دستخط ہوں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے تجویز دی تھی کہ چیئرمین نیب کو پارلیمنٹ کے سامنے حاضر ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہونا یہ چاہیے کہ نیب کسی رکن کو بلانے سے پہلے پارلیمنٹ سے پوچھے اور فیصلہ پارلیمانی کمیٹی کرے۔
ہم نیوز کے مطابق پی پی پی کے شریک چیئرمین نے قومی اسمبلی اجلاس میں الزام عائد کیا کہ نیب کی وجہ سے معاملات مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں۔