کراچی: سابق امریکی سفیر کیمرون منٹر نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان سے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے سرمایہ کاری کر رہا ہے تاہم پاکستان امریکی فنڈز کو شفاف طریقے سے خرچ کرے۔
سابق امریکی سفیرکیمرون منٹر نے کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورامریکا کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں تاہم امریکا نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ تعاون کیا ہے اور پاکستان سے تعلقات کومضبوط کرنے کا خواہش مند ہے۔
امریکی سرمایہ کاری پر بات کرتے ہوئے کیمرون منٹر نے کہا کہ امریکا پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لیے سرمایہ کاری کر رہا ہے اور امریکا کی خواہش ہے کہ پاکستان کا ہر بچہ پڑھا لکھا ہو جب کہ پاکستان کی زیادہ تر توجہ ترقیاتی کاموں کی جانب ہوتی ہے۔
سابق امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ پروگرامز کا مقصد لوگوں کو تربیت دینا ہے جب کہ امریکا نے سندھ کو بھی تعلیم کی مد میں کافی پیسہ دیا ہے لیکن پاکستان میں کئی مقامات کے پروجیکٹس میں امریکی اعتماد کو ٹھیس پہنچی ہے تاہم امریکا اب پاکستان میں پرائمری اورسیکنڈری تعلیم پرکام کر رہا ہے۔
انہوں نے پاک امریکا معاہدوں کے حوالے سے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان کئی معاہدوں پر کام چل رہا ہے جب کہ امریکا کو صرف اور صرف ایک مفاد ہے کہ ہر ملک ترقی کرے۔
کیمرون منٹر نے کہا کہ امریکا باہمی بات چیت سے معاملات حل کرنے کا خواہش مند ہے۔ جب میں پاکستان میں سفیر تھا تو اس ملک کا سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی تھا۔