فاف ڈوپلسی پر ایک میچ کی پابندی عائد

فاف ڈوپلسی


اسلام آباد: تیسرے ٹیسٹ میچ سے قبل جنوبی افریقہ کو بڑا دھچکا لگ گیا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے سلو اوور ریٹ پرجنوبی افریقا کے کپتان فاف ڈوپلسی پر ایک میچ کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کے کپتان مقررہ اوقات میں اوورز پورے کرانے میں ناکام رہے، جس کے باعث آن فیلڈ ایمپائر پروس آکسنفورڈ اور جو ولسن ،تھرڈ ایمپائر ایس رووی اور میچ ریفری ڈیوڈ بون نے فاف ڈوپلسی پر ایک میچ کی پابندی اور 20 فیصد جرمانہ جبکہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں پر 10 فیصد جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

پروٹیز کپتان کی عدم موجودگی پر جنوبی افریقا کے سینئر کھلاڑی ہاشم آملہ یا ڈین ایلگر کو کپتانی کی ذمہ داری سونپی جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے پاکستان اور جنوبی افریقا کے مابین تیسرا ٹیسٹ میچ جوہانسبرگ میں 11 سے 15 جنوری تک کھیلا جائے گا جبکہ جنوبی افریقا کو سیریز میں 2-0 برتری حاصل ہے۔

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو نو وکٹوں سے شکست دی ہے۔ پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 294 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 41 رنز درکار تھے۔

ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز جنوبی افریقا کی جانب سے ڈین ایلگراور ڈی برائن نے 41 رنز کے تعاقب میں اپنی اننگز کا آغاز کیا تو ڈی برائن چار رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ اُن کے بعد آنے والے ہاشم آملہ دو رنز پر محمد عامر کی گیند پر زخمی ہوئے اور انہیں میدان باہر جانا پڑا۔

فاف ڈو پلیسس نے ڈین ایلگر کے ساتھ مل کر 41 رنز کے تعاقب میں 43 رنز کا ہدف پورا کیا جبکہ ڈین ایلگر 24 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔


متعلقہ خبریں