العزیزیہ ریفرنس، نوازشریف کی سزامعطلی کی درخواست مقرر

Islamabad High Court

اسلام آباد: ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطلی کی درخواست سماعت کیلئے مقررکردی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو رکنی بینچ سوموار کو نوازشریف کی درخواست پر سماعت کرے گا۔ کیس کی سماعت کرنے والے بینچ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق شامل ہوں گے۔

قبل ازیں مذکورہ درخواست ہائی کورٹ نے اعتراض لگا کر واپس کردی تھی۔

خواجہ حارث کی جانب سے دوبارہ دائر کی گئی درخواست میں سزا معطل کرنے اور نوازشریف کی ضمانت پر رہائی کی استدعا کی گئی۔

احتساب عدالت نے 24 دسمبر کو العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کو قید کے علاوہ  تقریباََ ایک ارب 50 کروڑ روپے کا جرمانہ اور جائیداد ضبطگی کا فیصلہ سنایا تھا جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کردیا گیا تھا۔ عدالت نے تفصیلی فیصلے میں حکم دیا تھا کہ ہل میٹل کی آمدن سے بننے والے تمام اثاثے اور جائیداد وفاقی حکومت قرق کرے۔

نیب نے بھی احتساب عدالت کے فلیگ شپ ریفرنس کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کررکھا ہے اورالعزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی سزا بڑھانے کی استدعا کررکھی ہے۔

سپریم کورٹ نے 28 جولائی 2017 کو پانامہ کیس کا فیصلہ سنایا تھا جسکی روشنی میں نیب نے ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کئے تھے۔

عدالت نے سابق وزیراعظم کو فلیگ شپ ریفرنس میں بری کیا جب کہ العزیزیہ اور ایون فیلڈ(لندن فلیٹ) ریفرنسز میں قید با مشقت اور جرمانے کی سزا سنائی ہے۔


متعلقہ خبریں