پنجاب: اسکولوں میں نشہ کے تدارک کیلئے کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ


لاہور: لاہور میں صوبائی وزیر ایجوکیشن مراد راس کی زیرصدارت اجلاس میں اسکولوں میں نشہ کے تدارک کیلئے کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مراد راس کی زیر صدارت پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ آفس میں پرائیویٹ اسکولز مالکان کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں تعلیمی اداروں میں نشہ آور اشیاء کے تدارک کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صوبائی وزیر اسکولز ایجوکیشن کے مطابق محکمہ اسکولوں کی مسلسل مانیٹرنگ کرے گا۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے تعلیمی اداروں سے 500 میٹر کے دائرے میں کوئی پان شاپ یا کھوکھا نہیں رہنے دیا جائے گا۔

اجلاس میں طالب علموں کے خون اور پیشاب کے ٹیسٹ کی رینڈم چیکنگ اور کھیلوں سمیت دیگر صحت مند سرگرمیوں میں مصروف کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اسٹوڈنٹس کی آگاہی اور انہیں نشہ کی لعنت سے چھٹکارا دلانے کیلئے محکمہ اسکولز ایجوکیشن ویڈیوز اور کتابچہ تیار کرے گا۔

صوبائی وزیر مراد راس نے نجی تعلیمی اداروں کو نشہ کی لعنت کے حوالے سے آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کردی۔

صوبائی وزیر مراد راس کا کہنا تھا کہ نشہ فراہم کرنے والے عناصر معاشرے کا ناسور ہیں، ایسے شر پسند عناصر کی بیخ کنی کی جائے گی۔

سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں نشہ آور اشیاء کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی مہم چلانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

مراد راس نے کہا کہ طالب علموں کو نشے سے محفوظ رکھنے کیلئے ان کی ضروری رہنمائی اور والدین کو آن بورڈ رکھنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اساتذہ اور والدین بچوں کو نشے کی لعنت سے چھٹکارے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر نشہ کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑکر پھینکنا ہے۔

صوبائی وزیر نے نجی تعلیمی اداروں میں نشہ کی روک تھام کیلئے اسکول مالکان کو ضروری اقدامات کی ہدایت کردی۔

اس موقع پر نجی تعلیمی اداروں کے مالکان کی جانب سے صوبائی وزیر کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔


متعلقہ خبریں