اداکارہ متھیرا ٹریفک حادثے میں شدید زخمی، دبئی میں زیرعلاج


دبئی: اداکارہ اورٹی وی میزبان متھیرا ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہوگئی ہیں۔ متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں پیش آنے والے حادثے میں ان کی پسلیاں فریکچر ہوگئی ہیں اور جبڑے پر بھی گہری چوٹ آئی ہے۔

اداکارہ متھیرا نے ساری صورتحال ازخود سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ انسٹا گرام‘ پربتائی اور تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔ انہوں نے ایکسیڈنٹ کے بعد اپنی گاڑی کی جوتصویر شیئر کی ہے اسے دیکھ کر بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ٹریفک حادثہ کس قدرہولناک تھا؟ اور بلاشبہ ان کا محفوظ رہنا اللہ تعالیٰ کا کرم خاص ہے۔

راشد اسپتال دبئی میں زیرعلاج متھیرا نے انسٹا گرام پر لکھا ہے کہ ان کی پسلیاں فریکچر ہیں اور جبڑے میں بھی چوٹ ہے۔ انہوں نے اسپتال سے اپنی جو تصویر شیئر کی ہے اس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ ان کی گردن کے گرد ’کالر‘ (Cervical collar) لپٹا ہوا ہے۔

متھیرا نے انسٹا گرام پر لکھا ہے کہ وہ دبئی میں اپنی دوست سارہ کے ساتھ موجود تھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں چوٹیں آئی ہیں لیکن وہ گھرجانا چاہتی ہیں۔

انسٹا گرام پر انہوں نے لکھا ہے کہ ان کی گاڑی کو تیز رفتار ٹرک نے پیچھے سے ٹکر ماری جس کے باعث ان کی گاڑی کا ایک ٹائر پھٹ گیا اور گاڑی کا بیلنس آؤٹ ہوگیا جس کے بعد وہ گھومتی ہوئی سڑک پر اوپر کی جانب چلی گئی۔

متھیرا کے مطابق اسی دوران ان کا گاڑی کو ایک اور ٹرک نے بھی زور سے ٹکر ماری۔ انسٹا گرام پر انہوں نے لکھا ہے کہ اسی اثنا میں ایک لینڈ کروزر آرہی تھی جس کے ڈرائیور نے اپنی جان پر کھیلتے ہوئے گاڑی کا رخ ایک دم دوسری طرف موڑا تو ہماری جان بچی۔

اداکارہ اورٹی وی میزبان متھیرا ٹریفک حادثے کی وجہ سے نئے سال کی آمد کا جشن نہیں مناسکیں اوراسپتال میں زیرعلاج رہیں۔


متعلقہ خبریں