سالانہ بلدیاتی بجٹ کا 30 فیصد دیہاتوں پر خرچ کریں گے، علیم خان


لاہور: پنجاب کے سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سالانہ بلدیاتی بجٹ کا 30 فیصد دیہاتوں پر خرچ ہو گا، اورنج ٹرین ہمارے لیے سفید ہاتھی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور وزیر بلدیات علیم خان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لارڈ میئر بتادیں کہ میں نے کسی بھی گلی کا اپنے ہاتھوں سے افتتاح کیا ہو جب کہ میئر کے پاس پہلے سے زیادہ اختیارات موجود ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ میری کوئی اسٹیل مل جدہ میں نہیں تھی اور نہ ہی میں کبھی لندن میں جاکر چھپا ہوں۔ مخالفین کس منہ سے میری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ ہم نے کوئی ایک بھی کیس قومی احتساب بیورو (نیب) کو نہیں بھجوایا ہے۔

پریس کانفرنس سے قبل وزیر بلدیات علیم خان نے لاہور کی صفائی سے متعلق اجلاس کی صدارت کی جس میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے 44 زونل آفیسرز نے شرکت کی۔

علیم خان نے لاہور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی صفائی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صفائی کے حوالے سے کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے جب کہ ہماری قیادت نے تبدیلی کا وعدہ کیا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آٹھ ہزار ورکرز اور اربوں روپے کے بجٹ کے باوجود شہر میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے اور اگر صورتحال یہی رہی تو ہم نئے لوگوں کو بھرتی کریں گے۔


متعلقہ خبریں