بلوچستان کی سیکیورٹی پاک فوج کی اولین ترجیح ہے، آرمی چیف

آرمی چیف کی سی ایم بلوچستان سے ملاقات


راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آج وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال سے ملاقات کی جس میں صوبہ بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جام کمال نے پاک آرمی کی صوبے میں امن بحالی کے اقدامات کی تعریف کی۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان کی سیکیورٹی پاک فوج کی اولین ترجیح ہے، پاکستان کی ترقی بلوچستان میں امن وترقی سے وابستہ ہے، بلوچستان میں امن کی بحالی کو برقرار رکھنے پر پاک فوج کی توجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی بلوچستان میں امن سے مشروط ہے۔ پاک افغان بارڈر پر باڑ کی تنصیب سے سیکیورٹی صورتحال بہترہوگی۔ پاک ایران سیکیورٹی تعاون سے بھی صوبے کی سیکیورٹی مزید بہترہوگی ۔

خیال رہے چند ہفتوں قبل ڈائریکٹرجنرل (ڈی جی ) آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹ کے ذریعے پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا تھاکہ پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اب تک 843 میں سے 233 قلعوں کی تعمیر مکمل کی جاچکی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افغان بارڈر پر 1200 کلومیٹرکے علاقے میں سے 802 کلومیٹر پرکام مکمل ہوگیا جبکہ دو ہزار 611 کلومیٹر باڑ کی تعمیر کا کام جاری ہے۔

سوشل میڈیا پر کیے گئے اپنے ٹویٹ پیغام میں انہوں نے کہا کہ باڑ لگانے کا عمل دسمبر 2019 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ باڑ لگانے سے پاکستان اور افغانستان دونوں کو فائدہ ہو گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق باڑ لگانے کا مقصد دہشت گردوں کی آمد و رفت کو روکنا ہے اسی لیے 802 کلومیٹر طویل باڑ کی تنصیب ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں