وزیراعلیٰ سندھ نے استعفے کا مطالبہ مسترد کردیا


اسلام آباد: وزیراعلیٰ سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مجھے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا مقصد یہ ہے کہ صوبے بالکل کام کرنا بند کر دیں، حکومت چاہتی ہی نہیں ہے کہ کوئی کام کیا جائے کیونکہ ان کو کام کرنا آتا ہی نہیں ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام “پاکستان ٹونائٹ” میں میزبان ثمر عباس سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں نے سنا ہے میرا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے لیکن نے ابھی تک فہرست نہیں دیکھی، جب سے وزیراعلیٰ بنا ہوں تب سے سرکاری دوروں کے علاوہ کہیں نہیں گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے اوپر اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کا الزام لگایا گیا لیکن میرے پاس کوئی اختیارات ہیں ہی نہیں کہ ان کا غلط استعمال کروں۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ یہ کرکٹ کا کھیل نہیں ہے بلکہ سیاست ہے، ای سی ایل میں نام ڈالنا بے وقوفی ظاہر کرتا ہے۔

حکومت کی جانب سے استعفیٰ کے مطالبے کے حوالے سے سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ قانون میں کہاں لکھا ہے ای سی ایل میں نام آ جائے تو استعفیٰ دینا ہوتا ہے؟ کس قانون کے تحت استعفیٰ مانگ رہے ہیں؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں حکومت کے خلاف کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہے، ان کی اپنی حرکتیں ہی ایسی ہیں جو ان کو گرا دیں گی۔

گورنر راج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ سب صرف باتیں ہیں، جہاں تک وفاق ٹھیک کام کرے گی ان کا ساتھ دیں گے جہاں نہیں کرے گی تو مخالفت کریں گے۔

عمران خان ایک کٹ پتلی وزیر اعظم ہیں، خورشید شاہ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سیئنر رہنما سید خورشید شاہ نے کہا کہ اس ملک میں کافی عرصے کے بعد جمہوریت آئی ہے، بہت سی کوششوں کے بعد ملک میں یہ سسٹم بنا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک کٹ پتلی وزیر اعظم ہیں، حکومت اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے ایسا ماحول بنا رہی ہے کہ عوام باقی معاملات میں الجھے رہیں اور حکومت سے کوئی سوال نہ کریں، پی ٹی آئی حکومت نے اتنے عرصے میں کچھ ڈلیور نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ ایک بہت بڑا ادارہ ہے، اس سے بڑھ کر کون سی عدالت ہے، حکومت معاملات کو پارلیمنٹ میں لے کر کیوں نہیں آتی؟َ

رہنما پی پی پی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر استعفیٰ مانگنے کی بات ہے تو عمران خان سب سے پہلے خود استعفیٰ کیوں نہیں دیتے؟ ہم بھی ان سے استعفیٰ کا ماطالبہ کرتے ہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی قانون کے تحت جدہ جہد کرے گی، قائم علی شاہ 

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ الیکشن میں آدمی بہت سی باتیں کر دیتا ہے، تحریک انصاف نے بھی عوام سے بہت سے وعدے کیے تھے لیکن ابھی تک کچھ ہوتا نظر نہیں آ رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے اپوزیشن کو ٹارگٹ کر رہی ہے لیکن ثبوتوں کے بنا کوئی بھی الزام ثابت نہیں ہوتا لہٰذا حکومت کو چاہیئے کہ ثبوت کے بغیر بات نہ کرے، پاکستان پیپلز پارٹی قانون کے تحت جدوجہد کرے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب تک کوئی بھی الزام عدالت میں ثابت نہ ہو جائے تب تک کسی کو ملزم قرار نہیں دیا جا سکتا، ہم حکومت سے کوئی جھگڑا نہیں چاہتے اس لیے انہیں نظر انداز کر رہے ہیں، حکومت کو چاہیئے کہ ملک کے اصلی مسائل کی طرف توجہ دے نہ کہ کرپشن کا رونا روئے۔


متعلقہ خبریں