اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے نرخوں میں 31 پیسے فی یونٹ کمی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان سے بجلی صارفین کو دو ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔ بجلی کی قیمت میں کمی کی درخواست سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جانب سے کی گئی تھی۔
نیپرا حکام کے مطابق بجلی کے نرخوں میں کمی نومبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔
سی پی پی اے کی جانب سے نیپرا سے پانچ ارب روپے کے سابقہ بقایا جات بھی مانگے گئے تھے۔ سی پی پی اے کے مطابق نومبر میں بجلی کی ریفرنس پیداواری لاگت چار روپے 71 پیسے فی یونٹ رہی اور صارفین کو پانچ روپے فی یونٹ بجلی فراہم کی گئی تھی۔
سی پی پی اے حکام کے مطابق نومبر میں پانی سے 33.98 فیصد بجلی پیدا کی گئی تھی اور مقامی گیس سے 20.04 فیصد جب کہ درآمدی ایل این جی سے 17.23 فیصد بجلی پیدا کی گئی تھی۔ ایٹمی ذرائع سے 10.88 فیصد بجلی پیدا کی گئی تاہم اب دو ارب روپے کی انوائسز کی تصدیق ہونا ابھی باقی ہے جب کہ سرکولر ڈیٹ جہاں کھڑا ہے وہ سب کو معلوم ہے۔
نیپرا حکام نے سی پی پی اے سے بقایا جات کے حوالے سے دستاویزات طلب کر لی ہیں۔