کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے انتقال کے بعد متحدہ کے دھڑوں نے آپس میں رابطے شروع کردیے۔
بدھ کے روز فیصل سبزواری نے ڈاکٹر فاروق ستار سے رابطہ کیا۔ ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار سے فی الحال ملاقات کے لیے وقت مانگا ہے جو کل یا پرسوں متوقع ہے۔
فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ملاقات کا مقصد موجودہ صورتحال پر فاروق ستار سے مشاورت کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فاروق ستار نے ملاقات پر آمادگی ظاہر کی، ملاقات نجی حیثیت میں کروں گا پارٹی کی جانب سے ملاقات کے لیے نہیں کہا گیا۔
گزشتہ روز علی رضا عابدی کو ان کے گھر کے باہر نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ انہیں پی این ایس شفاء منتقل کیا گیا تاہم وہ دوران علاج دم توڑ گئے۔
سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے انتقال پر ایم کیو ایم نے تین روزہ سوگ کا اعلان بھی کیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق علی رضاعابدی قتل میں استعمال ہونےوالے 30 بور کےخول میچ کرگئے ہیں۔ مذکورہ 30 بورکا پستول لیاقت آباد میں قتل کی واردات میں استعمال ہوا تھا جس میں احتشام نامی نوجوان مارا گیا تھا۔