کراچی: سابق رکن قومی اسمبلی اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سابق رہنما علی رضاعابدی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔
نماز جنازہ امام بارگاہ یثرب ڈیفنس فیز فور میں ادا کی گئی۔ وزیر بحری امور علی زیدی، ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی، سید سردار احمد شریک ہوئے۔ پی ایس پی رہنما شبیر قائم خانی اور ڈاکٹر ارشد وہرہ بھی موجود تھے۔ فاروق ستار نے بھی نمازجنازہ میں شرکت کی۔
واضح رہے کہ کراچی میں سابق رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی گزشتہ شب قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو کے مطابق علی رضا عابدی کو ڈیفنس میں ان کے گھر کے باہر موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے نشانہ بنایا، انہیں پی این ایس شفاء منتقل کیا گیا تاہم وہ دوران علاج دم توڑ گئے۔
سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کی اچانک موت پر ایم کیو ایم نے تین روزہ سوگ کا اعلان بھی کیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق علی رضاعابدی قتل میں استعمال ہونےوالے 30 بور کےخول میچ کرگئے ہیں۔ مذکورہ 30 بورکا پستول لیاقت آباد میں قتل کی واردات میں استعمال ہوا تھا جس میں احتشام نامی نوجوان مارا گیا تھا۔