اسلام آباد: احتساب عدالت میں نواز شریف کے خلاف دائر العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کے فیصلے سے قبل اڈیالہ جیل کی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل میں بیرک نمبر گیارہ کی صفائی مکمل کر لی گئی ہے جب کہ جیل کے تمام راستوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔
احتساب عدالت کے گرد و نواح میں بھی پولیس کے ایک ہزار جوان تعینات کیے گئے ہیں جب کہ کمرہ عدالت میں نواز شریف کو کلوز پروٹیکشن یونٹ سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
ہنگامی صورتحال سے نمٹنے سے کیلئے رینجرز بھی ایک سو جوان تعینات کیے جائیں گے۔ وفاقی دارالحکومت کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس تعینات کی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کسی صورت بگڑنے نہیں دی جائے گی اور اگر ضرورت پڑی تو مزید پولیس فورس تعینات کی جائے گی
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ کسی بھی غیر معلقہ شخص کو احتساب عدالت نہیں جانے دیا جائے گا اور میڈٰیا نمائندگان اپنے کارڈز پاس رکھیں۔