لاہور:پنجاب حکومت کی 100 روزہ کارکردگی کی تقریب آج ہوگی جس میں وزیراعظم عمران خان شرکت کریں گے۔
100 روزہ کارکردگی کی تقریب ایوان اقبال میں منعقد کی جائے اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار حکومت کی کارکردگی کے بارے میں اظہار خیال کریں گے۔
پنجاب حکومت نے سو روزہ پلان پر کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی سیل بھی قائم کیا تھا۔ مانیٹرنگ سیل کے لیے باقاعدہ دفتر بنایا گیا تھا جس کی نگرانی وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کر رہے تھے۔
پنجاب حکومت نے تمام وزرا کو ہدایت کی تھی کہ اپنی روزانہ کارکردگی اور حکمت عملی پر مشتمل رپورٹ مانیٹرنگ سیل کو ارسال کی جائے۔
وزیراعظم عمران خان قبل ازیں خیبرپختونخوا اور وفاقی وزار کی کارکردگی پر اطمنان کا اظہار کرچکے ہیں۔
پی ٹی آئی کا 100 روزہ پلان
تحریک انصاف نے عام انتخابات 2018ء کے بعد حکومت کے قیام کی صورت میں پہلے 100 روز کے لیے اپنے لائحہ عمل کا اعلان کیا تھا جس میں طرز حکومت کی تبدیلی کو اولین ترجیحات میں شامل کیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ معیشت کی بحالی، زرعی ترقی و پانی کا تحفظ، سماجی خدمات میں انقلاب اور پاکستان کی قومی سلامتی کی ضمانت کو بھی سو روزہ پلان کا حصہ بنایا گیا تھا۔