اسلام آباد: پاکستان میں افغانستان کے نئے سفیر عاطف مشال وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئے ہیں جہاں ان کی آئندہ ہفتے صدر ڈاکٹر عارف علوی کے ساتھ ملاقات متوقع ہے۔
ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ عاطف مشال نے وزارت خارجہ کا بھی دورہ کیا، جمعرات کے دن عاطف مشال نے چیف آف پروٹوکول سے ملاقات کی جبکہ افغان سفیر کی صدر مملکت سے ملاقات کیلئے وقت مانگ لیا گیا ہے۔
عاطف مشال صدر ڈاکٹر عارف علوی کے ساتھ ملاقات میں اپنی اسناد پیش کریں گے اور اسناد پیش کرنے کے بعد باضابطہ طور پر کام شروع کر دیں گے۔
واضح رہے کہ افغانستان کے سابق سفیر عمر زخیلوال کے جانے کے بعد سے یہ عہدہ خالی ہوا تھا جس پر ان کے بعد عاطف مشال کو تعینات کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ عاطف مشال افغان کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔