سیریز تنازع کیس، پی سی بی کو ہرجانہ ادا کرنے کا حکم


آئی سی سی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب داری کی بدترین مثال قائم کرتے ہوئے ایک اور فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے خلاف کر دیا ،آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو کیس کے اخراجات کی مد میں بھارتی کرکٹ بورڈ کو دو ملین ڈالر ادا کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈسپیوٹ ریزولیوشن کمیٹی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی درخواست منظور کرتے ہوئے یہ فیصلہ سنایا ہے جس کے بعد اب پاکستان کرکٹ بورڈ کو بی سی سی آئی کو 1.2ملین ڈالرز (8کروڑ 45لاکھ82ہزار بھارتی روپے ) ادا کرنے ہوں گے ۔

ا س سے قبل ڈسپیوٹ ریزولیوشن کمیٹی کی جانب سے بنائے جانے والے ڈسپیوٹ پینل نے دونوں اطراف سے زبانی اور تحریری دلائل کے بعد ڈسپیوٹ پینل نے پی سی بی کے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے خلاف دعوی کو مسترد کردیاتھا جس کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے اس کیس پر آنے والے خرچہ لینے کے لیے پاکستان پر 15کروڑ بھارتی روپے کی ادائیگی کا کیس کردیا تھا ۔

یاد رہے کہ پی سی بی کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے دور میں پی سی بی نے 2014ءمیں متنازع بگ تھری کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا تھا جس کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان چھ سیریز ہونا تھی جن میں 14 ٹیسٹ 30 ون ڈے انٹر نیشنل اور 12 ٹی ٹونٹی شامل تھے لیکن بھارتی بورڈ نے معاہدے کی خلاف ورزی کی۔

پی سی بی نے آئی سی سی میں دائر اپیل میں موقف اختیار کیا تھا کہ 2014ءمیں ہونے والے معاہدے کے بعد اگر پاکستان بھارت کے ساتھ دو طرفہ سیریز نہیں کھیلا تو پاکستان کو سیریز نہ ہونے سے بھاری نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی اپیل میں بھارت پر 70 ملین ڈالر جرمانہ عائد کرنے کی درخواست کی تھی تاکہ پی سی بی  کو ہونے والے نقصان کا ازالہ ہوسکے،بھارتی بورڈ کا موقف رہا ہے کہ ان کی حکومت سیریز کھیلنے کی اجازت نہیں دے رہی۔


متعلقہ خبریں