مجھے اعتراض ہے کیمرہ مین نے گارڈ کو مارا ، نوازشریف

مجھے اعتراض ہے کیمرہ مین نے شکور کو مارا ، نوازشریف | urduhumnews.wpengine.com

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف نے نجی ٹی وی چینل کے کیمرہ مین پر تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے میں سیکیورٹی گارڈ شکور کے خلاف بھی ایکشن لوں گا لیکن مجھے اعتراض اس بات پر بھی ہے کہ کیمرہ مین نے گارڈ کو مارا۔

سابق وزیراعظم نے صحافیوں سے خصوصی ملاقات میں کہا ہے کہ انصاف ہر طرف ہونا چاہیے، زیادتی کہیں سے بھی نہیں ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس واقعے پر افسوس ہے، یہ تکلیف دہ واقعہ ہے ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا، میری مزاج اور طبیعت سے آپ سب واقف ہیں۔

مسلم لیگ(ن) کے تاحیات قائد نے کہا کہ میں کل اسمبلی سے باہر آیا تو سیکیورٹی اہلکار میرے لیے راستہ بنا رہا تھا، گارڈ صحافیوں کو نہیں دیگر افراد کو ہٹا رہا تھا، شکور نے کیمرہ مین کو دھکہ دیا یہ کوئی طریقہ نہیں ہے, مجھے برا لگا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد کیمرہ مین نے کیمرہ شکور کے سر پر مارا۔

انہوں نے کہا مجھے اس بات کا افسوس ہے جو کل ہوا، یہ موقعہ نہیں آنا چاہیے تھا، میرا میڈیا کے ساتھ اچھا تعلق رہا ہے، جو بھی کارروائی ہوتی رہی اس میں آپ سب ساتھ رہے، ایسے وقت میں کیسے آپ سب سے الگ ہو جاؤں یا بگاڑ بنا لیں ہم۔

سابق وزیراعظم نے صحافیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ بلاخوف رپورٹنگ کرتے ہیں آپ سب، بڑے اچھے ہمارے آپ کے ساتھ تعلقات ہیں۔

نوازشریف نے یقین دہانی کرائی کہ قانون کے مطابق ہر قسم کا تعاون کریں گے اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی۔


متعلقہ خبریں