نواز شریف کے گارڈز کا سماء کے کیمرا مین پر تشدد


اسلام آباد: پارلیمنٹ ہاؤس میں نواز شریف کے گارڈز نے سماء  ٹی وی کے کیمرا مین کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔

واقعہ کے خلاف صحافیوں کا احتجاج جاری ہے اور صحافیوں نے پارلیمنٹ کی پریس گیلری سے بھی واک آؤٹ کیا جبکہ اس معاملے کو قومی اسمبلی میں بھی اٹھایا گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق نواز شریف کے گارڈز  سماء  کے کیمرہ مین کو لات مار کر شدید زخمی کر دیا جبکہ اس سے قبل کیمرا مین کو تشدد کرکے زمین پر گرا دیا گیا تھا۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ صحافیوں سے مل کر معذرت کریں گے۔

نواز شریف کے گارڈز کے کیمرہ مین پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہیں، فواد چوہدری

دوسری جانب وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین  نے  نواز شریف کے گارڈز کے کیمرہ مین پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریب کیمرہ مین کے شدید زخمی ہونے کے باوجود میاں صاحب نے رکنے کی زحمت تک نہ کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ختم ہوگئی لیکن مغلیہ سوچ ختم نہ ہوئی۔ میاں صاحب غریبوں کی اور بددعائیں نہ لیں۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ حکومت آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے اور میڈیا ورکرز کے ساتھ کھڑی ہے۔

گارڈز کی اسمبلی میں داخلے پر پابندی عائد کی جائے، فرخ حبیب

رکن قومی اسمبلی اور رہنما پی ٹی آئی فرخ حبیب نے مطالبہ کیا کہ گارڈز کی اسمبلی میں داخلے پر پابندی عائد کی جائے۔ گلو کریسی کلچر کو بند ہونا چاہیے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی صدارت میں شروع ہوا تو میڈیا کے نمائندوں نے  کیمرامین پر تشدد کے باعث پریس گیلری سے واک آوٹ کیا۔


متعلقہ خبریں