نیب حکومت کا غلام بنا ہوا ہے، حیدر زمان قریشی

حکومت نیب قانون کے سیکشن نو میں ترمیم کرے،رہنما پیپلزپارٹی

  • ن لیگ کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے،رہنما ن لیگ
  • اپوزیشن جماعتوں کا سیاسی انتقام کا الزام غلط ہے،زر تاج گل
  • نیب کی کارروائیوں میں ہر دور میں حکومتی مداخلت رہی ہے،زرتاج گل

اسلام آباد: رہنما پی پی پی حیدر زمان قریشی کا کہنا ہے کہ نیب اس وقت حکمران جماعت کا غلام بنا ہوا ہے۔ کبھی کوئی وزیر آنے والی گرفتاریوں کی بات کررہا ہوتا اور کبھی نیب کا کوئی آئندہ کا فیصلہ پی ٹی آئی وزرا پہلے ہی میڈیا پر سنا دیتے ہیں اور ۔ دوسری جانب کہتے ہیں کہ نیب آزاد ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام “نیوز لائن” میں میزبان ڈاکٹر ماریہ ذولفقار سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنی گالہ میں بھی غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم کو توجہ دلائی جائے کہ سندھ کے ساتھ ساتھ وہاں بھی غور کر لیں۔

حکومت نیب قانون کے سیکشن نو میں ترمیم کرے،حیدر زمان قریشی

حیدر زمان قریشی نے کہا کہ نیب قانون کے سیکشن نو میں ترمیم کے لیے  حکومتی جماعت سے گزارش کرتے ہیں تاکہ ہر طبقے کے لیے کرپشن کے مقدمات میں ایک ہی طرز کی کارروائی کی جا سکے۔

رہنما پی پی پی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ سے اچھے اور برے لوگوں کو الگ کرنا  عوام کے ہاتھ میں ہے کیونکہ پیمانہ ان کے پاس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب موروثی سیاست پیچھے اور جمہوری لوگ آگے ہیں اب دیکھتے ہیں ملک کہاں تک جائے گا۔

ن لیگ کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے،رہنما ن لیگ

دوسری جانب پروگرام میں موجود مہمان اور رہنما ن لیگ ملک احمد خان نے کہا کہ اعظم سواتی کے معاملے پر پہلے پوری کابینہ چپ رہی جب میڈیا اور دیگر جماعتوں نے شورمچایا تب انہوں نے استعفیٰ دیا۔

رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔ جن مقدمات میں سیاست دانوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے وہ بے بنیاد اور مفروضوں پہ قائم کیے گئے ہیں کوئی ثبوت موجود نہیں ہے۔

ملک احمد خان نے کہا کہ نیب کا دہرا معیار سب کے سامنے ہے جس سے محسوس ہوتا ہے کہ ادارے  کو کہیں سے ہدایات مل رہی ہیں۔

اپوزیشن جماعتوں کا سیاسی انتقام کا الزام غلط ہے،زر تاج گل

رہنما پی ٹی آئی زرتاج گل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری وزارت قانون بہت ساری چیزوں پر کام کرنا چاہتی ہے لیکن یہ قانونی اصلاحات لانے سے قبل ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی جماعت پر اپوزیشن جماعتوں کا سیاسی انتقام کا الزام غلط ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پی ٹی آئی حکومت کے دور میں نیب کو آزاد ادارے کے طور پر کام کرنے دیا جا رہا ہے جبکہ اس سے قبل نیب کی کارروائیوں میں ہر دور میں حکومتی مداخلت رہی ہے۔


متعلقہ خبریں