لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن فور کا شیڈول جاری ہوگیا ہے جس کے مطابق آٹھ میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔
ہم نیوز کے مطابق سیزن فور کے تین میچز لاہور جبکہ پانچ میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
شہر قائد میں 7، 10، 13، 15 اور 17 مارچ جبکہ لاہور میں 9، 10 اور 12 مارچ کے درمیان میچز کھیلے جائیں گے۔
پی ایس ایل سیزن فور میں 6 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں، چھٹی ٹیم کا نام 19 دسمبر کو خریدنے والی ٹیم رکھے گی۔
اس مرتبہ پی ایس ایل میں جنوبی افریقی اسٹار اے بی ڈیویلیئر سمیت کئی نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔
اے بی ڈی ویلیر نے ڈرافٹنگ سے پہلے ٹورنامنٹ کے لیے دستیابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کا شمار دنیا کی بہترین ٹی 20 لیگز میں ہوتا ہے، میں گزشتہ مقابلے دیکھ کر کافی لطف اندوز ہوا۔
ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا تھا کہ ماضی میں پی ایس ایل کے مقابلے ٹی وی پر دیکھے لیکن 2019 کے پی ایس ایل میں خود حصہ لوں گا اور یہ پہلے سے مختلف ہوگا۔
پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز آئندہ سال 14 فروری کو دبئی میں ہوگا۔