اسلام آباد: سپریم کورٹ نے وزیر اعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو ایک ہفتے میں دو کروڑ 94 لاکھ روپے جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔
سپریم کورٹ پاکستان میں پاکستانیوں کے بیرون ملک بینک اکاؤنٹس اور جائیداد کے کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔
عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان عدالت میں پیش ہوئیں تو چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے انہیں روسٹرم پر بلا لیا اور جائیداد سے متعلق استفسار کیا۔
علیمہ خان نے مؤقف اختیار کیا کہ سال 2008 میں تین لاکھ 70 ہزار ڈالر کی جائیداد خریدی تھی جو گزشتہ سال فروخت کر دی ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے علیمہ خان کی منی ٹریل عدالت میں پیش کی اور عدالت کو آگاہ کیا کہ علیمہ خان پر دو کروڑ چورانوے لاکھ روپے کا جرمانہ اور ٹیکس عائد کیا ہے۔
عدالت نے علیمہ خان کو رقم ایک ہفتے میں ادا کرنے کا حکم کرتے ہوئے کہا کہ اگر رقم جمع نہ کرائی گئی تو علیمہ خان کی جائیداد ضبط کر لی جائے۔
علیمہ خان کی جائیداد سے متعلق سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا تھا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) علیمہ خان کی جائیداد کی چھان بین کرے۔ اُن کے ذرائع آمدن نہ ہونے کے باوجود جائیداد کیسے خریدی گئی۔