کراچی: سپریم کورٹ نےشہر قائد میں چائنہ کٹنگ کر کے فروخت کیے گئے پلاٹوں پر تعمیرات گرانے کے لیے کرا چی میٹرو پولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کو رفاہی پلاٹوں پر زیر تعمیر گھروں کو 30 روزہ جبکہ سندھ بلڈنگ کنڑول اتھارٹی (کے بی سی اے) اور کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کو دیگرغیر قانونی تجاوزات کے لیے 45 روزہ نوٹس جاری کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
ہم نیوز کے مطابق ضلع وسطی میں نارتھ ناظم آباد میں چائنہ کٹنگ کر کے 30 پلاٹوں پر قبضہ کیا گیا جبکہ علاقے میں 37 ایکڑ زمین پر 30 غیرقانونی شادی ہالز بھی قائم ہیں۔
ضلع غربی سرجانی ٹاؤن میں چائنہ کٹنگ سے 30 ایکڑ پر 895 پلاٹس قائم کئے گئے۔ سرجانی انڈسٹریل ایریا میں دو ہزار ایکڑ پر 8 ہزار پلاٹ بنا کر مال بنایا گیا۔
قبضہ مافیا نے ضلع شرقی گلستان جوہر میں 23 ایکڑ پر 800 پلاٹس بنا کر مال بنایا۔ گلشن اقبال میں دو ایکڑ پر 50 پلاٹس بنا کر فروخت کردیے گئے۔
ضلع ملیر میں 23 ایکڑ پر چائنا کٹنگ کر کے 570 پلاٹس اور ضلع کورنگی میں 145 ایکڑ پر چائنا کٹنگ کے ذریعے 5115 پلاٹس بنائے گئے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر کراچی انتظامیہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کرکے قبضے ختم کروائے۔