امریکہ نے پاکستان کو مذہبی پابندیوں کی لسٹ سے استثنا دے دیا

پاکستان نے بلیلک لسٹ کیے جانے کا امریکی اقدام مسترد کردیا | urduhumnews.wpengine.com

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان نے امریکہ کی جانب بلیک لسٹ کیے جانے کے اقدام کو مسترد کر دیا جس کے بعد امریکی وزیرخارجہ نے پاکستان کو مذہبی پابندیوں کی خصوصی تشویشی لسٹ سے استثناء دے دیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کو استثنا امریکا کے اہم قومی مفاد کے تحت دیا گیا ہے۔

اس سے قبل دفتر خارجہ کی جانب سے بدھ کی صبح جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان امریکی محکمہ خارجہ کی یکطرفہ اور سیاسی محرکات پر مبنی فہرست کو مسترد کرتا ہے۔

امریکہ کی جانب سے  بلیک لسٹ کیے جانے کے ردعمل میں پاکستان نے کہا ہے کہ امریکی فہرست میں جانبداری بالکل واضح ہے اور اس کوشش کے پس پردہ خود ساختہ جیوری کی ساکھ پر بھی کئی سوالیہ نشان موجود ہیں۔

دفترخارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان مذہبی آزادی کے بیرونی اندازوں کو مسترد کرتا ہے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان کئی مذاہب اور تکثیری معاشرے پر مبنی ملک ہے، ہماری کل آبادی کا چار فیصد عیسائی، ہندو، بدھ مت اور سکھ مذاہب سے تعلق رکھتی ہے۔

پاکستان کا آئین مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بناتا ہے، قانون سازی میں ان کے حصے کو یقینی بنانے کے لیے پارلیمنٹ میں مذہبی اقلیتوں کے لیے خصوصی نشستیں مختص کی گئی ہیں۔

اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کے ازالے کے لئے ایک متحرک اور خودمختار انسانی حقوق کا کمیشن کام کر رہا ہے۔

پاکستان کی ہرحکومت نے آئین اور قانون کے تحت ہر موقع پر مذہبی اقلیتوں کے شہریوں کے حقوق کا تحفظ ترجیح بنایا۔

ملک کی اعلیٰ عدلیہ نے مذہبی اقلیتوں کی ملکیتوں اور عبادت گاہوں کے تحفظ کے لئے مثالی فیصلے کیے ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان انسانی حقوق کی سات معاہدوں میں سے نو میں فریق ہے، پاکستان بنیادی آزادی کے حوالے سے اپنی ذمہ داری پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کررہا ہے۔

حکومت پاکستان نے اپنے شہریوں کے حقوق کی حفاظت کے لئے بہترین  قانونی اور انتظامی طریقہ کار تشکیل دیا ہے، پاکستان کو اپنی مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے کسی انفرادی ملک سے کسی قسم کے مشورے یا ہدایات کی ضرورت نہیں۔

افسوس کی بات ہے کہ انسانی حقوق پر بات کرنے والوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اپنی آنکھوں کو بند رکھا ہوا ہے۔

یہ بہترین وقت ہے کہ امریکہ میں اسلام فوبیہ میں بیش بہا اضافے کی وجوہات کا غیر جانبداری سے تجزیہ کیا جائے۔

یاد رہے کہ منگل کے روز امریکہ نے پاکستان پر اقلیتوں کو مذہبی آزادی نہ دینے اور ناروا سلوک کا الزام لگا کر بلیک لسٹ میں شامل کردیا تھا۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ بلیک لسٹ میں شامل ملکوں کو بعض پابندیوں کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

امریکہ کی جانب سے ہرسال مذہبی آزادی سے متعلق رپورٹ شائع کی جاتی ہے۔ گزشتہ برس پاکستان کا نام واچ لسٹ میں رکھا گیا تھا اور رواں برس بلیک لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے۔

سال 2018 میں شائع رپورٹ کے مطابق پاکستان سمیت دس ملکوں کو بلیک لسٹ میں شامل کیا ہے دیگر نو ممالک میں چین، ایریٹریا، میانمار، شمالی کوریا، سعودی عرب، ایران، سوڈان، تاجکستان اور ترکمانستان بھی شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں