ہندو یاتریوں کی کٹاس راج اور سادھو بیلا مندر میں پوجا پاٹ


اسلام آباد: پاکستان کے دورے پر آئے بھارتی ہندو یاتریوں نے چکوال میں کٹاس راج مندر میں پوجا پاٹ کی۔ دوسرے وفد نے دریائے سندھ کے جزیرے پر واقع سادھو بیلا مندر کی یاترا کی۔

کٹاس راج پاکستانی ہندو برادری کے لئے سب سے مقدس ترین جگہ ہے۔ کٹاس راج میں ایک تالاب بھی ہے جو ہندو یاتریوں کے لئے انتہائی مقدس ہے۔ بھارتی ہندو یاتریوں کے 112 رکنی وفد کا کٹاس راج پہنچنے پر مقامی انتظامیہ نے استقبال کیا۔ متروکہ وقف املاک بورڈ نے مہمان وفد کو ظہرانہ دیا۔

اس موقع پر ہندو یاتریوں نے پاکستان کو پرُامن ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں مذہبی مقامات کا جس طرح تحفظ کیا جا رہا ہے اس پر وہ حکومت پاکستان اور عوام کے شکر گزار ہیں۔

ان سے پہلے آنے والے 220 ہندو یاتریوں نے دریائے سندھ کے جزیرے پر واقع سادھو بیلا مندر کی یاترا کی اور اپنی مذہبی رسومات ادا کیں۔ انہوں نے پاکستان کی مہمان نوازی کی تعریف کی۔

بھارتی ہندو یاتریوں کا 220 رکنی وفد میرپور ماتھیلو میں قیام کے بعد صبح واہگہ کے راستے واپس بھارت جائے گا۔

یاد رہے کہ بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن نے ضلع چکوال میں واقع کٹاس راج مندر کی یاترا کے لئے بھارتی یاتریوں کو ویزے جاری کئے تھے۔ یہ یاتری 9 سے 15 دسمبر تک پاکستان کے دورے  پر ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان ایک دوسرے کے مذہبی مقامات کے لئے وضع کردہ پروٹوکول (1974) کے تحت بھارت اور پاکستان کے یاتری اور زائرین دونوں ممالک میں واقع مزاروں اور مندروں کے  دورے کرتے ہیں۔

اس پروٹوکول کے تحت ہر سال بڑی تعداد میں بھارتی سکھ اور ہندو پاکستان میں مختلف مذہبی تقاریب میں شریک ہوتے ہیں۔ اسی طرح پاکستان سے لوگ بھارت میں واقع صوفی بزرگوں کے مزارات کے دورے کرتے ہیں۔

گزشتہ ماہ پاکستان نے بابا گرو نانک کے 549وٰیں جنم کے دن کے موقع پر تین ہزارآٹھ سو سکھ یاتریوں کو پاکستان کے ویزے جاری کئے تھے۔اس دورے کے دوران کرتار پور کوریڈور کے سنگ بنیاد کی تقریب بھی منعقد کی گئی تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے 28 نومبر کو پاک بھارت بین الاقوامی سرحد پر بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کی موجودگی میں اس راہداری کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔

سکھر میں واقع شادانی دربار کے مشہور مندر کی یاترا کے لئے 220 بھارتی یاتریوں کو ویزے جاری کئے گئے تھے۔ یہ یاتری ان دنوں پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

دورے سے قبل بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر سہیل محمود کا کہنا تھا کہ بھارتی یاتریوں کے گروپ کو ویزوں کے اجراء سے دونوں ممالک کے درمیان طے پائے جانے والے 1974ء کے پروٹوکول کے حوالے سے پاکستان کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی یاتریوں کو تمام سہولیات دینے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں کے فروغ میں پرعزم ہے۔


متعلقہ خبریں