نواز شریف کی گرفتاری کی تیاریاں کی جارہی ہیں، خرم دستگیر

نیب پر اس وقت بہت دباؤ ہے، شاہ خاور

  • کراچی میں تجاوزات کا معاملہ، چیف جسٹس کا بیان
  • سی پیک کے منصوبوں میں سارے منصوبے گوادر کے لیے ہیں، ظہور بلیدی

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنام خرم دستگیر نے کہا ہے کہ اب احتساب نہیں انتقام لیا جارہا ہے۔ کئی روز سے شہباز شریف گرفتار ہیں۔ آج خواجہ سعد رفیق کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ نواز شریف کو بھی گرفتار کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام بڑی بات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتساب کے نام ہر ن لیگ کی ٹارگٹ کلنگ کی جا رہی ہے۔ خرم دستگیر نے بڑی بات میں’ہاؤ ڈیموکریسی ڈائیز” کا فلائیر لہرا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پشاور بی آر ٹی پراجیکٹ کی لاگت دوگنی ہو چکی ہے وہاں کھنڈر ہیں کس کو گرفتار کیا ہے اب تک؟

انہوں نے کہا کہ احتساب ہو لیکن اس طرح کسی کو نشانہ بنانا کسی طور بھی ٹھیک نہیں۔

نیب پر اس وقت بہت دباؤ ہے، شاہ خاور

پروگرام میں موجود سابق نیب پراسیکیوٹر شاہ خاور نے کہا کہ نیب پر اس وقت بہت دباؤ ہے۔ اس وقت انہیں اپنی کارکردگی دیکھنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو گرفتاری سے قبل شواہد اکھٹے کرنے چاہیئے تاکہ سیاسی انتقام کا تاثر ختم ہوسکے۔ جب تک کسی پر الزام ثابت نہ ہو اسے مجرم قرار نہیں دیا جاسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب کو گرفتاریوں میں جلد بازی نہیں کرنی چاہیئے اس طرح ان کے لیے مشکلات پیدا ہورہی ہیں۔

کراچی میں تجاوزات کا معاملہ، چیف جسٹس کا بیان

پروگرام میں موجود صوبائی وزیر سندھ  ناصر حسین شاہ نے کہا کہ تجاوزات کے معاملے پر حکومت کام کررہی ہے لیکن لوگوں کو بے گھر کرنا کسی طور ٹھیک نہیں کیونکہ سپریم کورٹ کا حکم تجاوزات کے خاتمے کے خلاف تھا۔

انہوں نے کہا کہ لیز پر قائم کے سالوں سے ایم سی کے دکانداروں کو بھی ہٹا دیا گیا جو بڑی زیادتی ہے۔ اب اس معاملے پر سیاسی بیان بازی چل رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کو متبادل جگہ دینے کے حوالے سے ابھی کام چل رہا ہے اس بارے میں ابھی کوئی حتمی تعداد نہیں بتا سکتے۔

سی پیک کے منصوبوں میں سارے منصوبے گوادر کے لیے ہیں، ظہور بلیدی

پروگرام میں موجود وزیر اطلاعات بلوچستان ظہور بلیدی نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں میں سارے منصوبے گوادر کے لیے ہیں لیکن بلوچستان کے لیے تو کوئی منصوبہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بلوچستان کی عوام کے لیے منصوبے لانے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہم چاہتے ہیں  آر سی ڈی  شاہراہ کی فنڈنگ سی پیک سے ہو۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے تحفظات کو سنا جانا چاہیئے۔


متعلقہ خبریں