کراچی:میئر کراچی وسیم اختر نے واضح کردیا ہے کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران کراچی شہر میں گھرمسمار نہیں کیے جائیں گے۔
سپریم کورٹ کے باہر وسیم اختر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں شہر سے تجاوزات کے خاتمے اور پارکوں کو قبضہ مافیا سے چھڑانے کا مینڈیٹ ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ایمپریس مارکیٹ، صدر اور دیگر علاقوں سے تجاوزات کا خاتمہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکلر ریلوے کی بحالی کے لیے عیسی نگری میں آپریشن، کچی دکانیں اور مارکیٹوں کا صفایا کیا گیا ہے۔
وسیم اختر نے بتایا کہ سہراب گوٹھ پرتجاوزات ہٹانے کا کام جاری ہے، باغ ابن قاسم، نہر خیام، نالہ اور پارک پر پر بھی تجاوزات ہیں جنہیں ہٹایا جائے گا۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ ہمارا مینڈیٹ گھر توڑنے کا نہیں پارک کو بحال اور نالوں سے تجاوزات ختم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماعت کے دوران صوبائی حکومت نے سپریم کورٹ بینچ سے استدعا کی کہ آپریشن کو روک دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کے ایم سی کے خلاف غلط تاثر دیا جارہا یے، ہم قبضہ مافیا کے خلاف ہیں اور تجاوزات کے خلاف ہم اپنی مہم کو جاری رکھیں گے۔
میئر کراچی نے بتایا کہ کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے ہدایت کی ہے کہ کل سندھ حکومت اور وفاقی حکومت مل بیٹھ کے معاملات سے آگاہ کرے۔
انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کے بعد متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کرنا سندھ حکومت کا کام ہے۔