راولپنڈی: پاکستان اور چین کی مشترکہ فوجی مشقوں میں حصہ لینے کے لیے چین کی مسلح افواج کا دستہ پاکستان پہنچ گیا ہے۔
ہم نیوز کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ پاک چین مشترکہ فوجی مشقوں ’واریئر سکس 2018‘ میں حصہ لینے کے لیے پاکستان پہنچنے والا دستہ ’چینی اسپیشل فورسز‘ کے جوانوں پر مشتمل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشقوں کے دوران انسداد دہشت گردی کے خصوصی آپریشنز کئے جائیں گے۔
ہم نیوز کے مطابق مشترکہ فوجی مشقوں کا بنیادی مقصد انسداد دہشت گردی آپریشنز میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا اور سیکھنا ہے۔
اپنی نوعیت کی یہ چھٹی مشترکہ فوجی مشقیں ہیں جو دونوں ممالک کے مابین قائم دوستانہ اور مضبوط عسکری تعلقات کا مظہر بھی ہیں۔
پاکستان اور چین کی مشترکہ فوجی مشقیں آئندہ تین ہفتے تک جاری رہیں گی۔