این آئی سی ایل اسکینڈل، ایاز خان نیازی کو 7سال قید

فوٹو: فائل


کراچی: احتساب عدالت نے نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ (این آئی سی ایل) اسکینڈل میں سابق چیئرمین ایاز خان نیازی کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا، ایاز خان نیازی سمیت چھ ملزمان کو سات سات سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

کراچی کی احتساب عدالت میں این آئی سی ایل اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی۔ سزا پانے والے دیگر ملزمان میں امین قاسم دادا، حر رہائی گردیزی، عامر حسین، زاہد حسین اور محمد ظہور شامل ہیں۔ عدالت نے تمام ملزمان کو دس سال کے لیے کسی بھی عوامی عہدے کے لیے بھی نااہل قرار دے دیا ہے جب کہ ریفرنس میں دیگر دو ملزمان  پلی بارگین کر چکے ہیں۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کے مطابق ملزمان پر کورنگی میں مہنگے داموں زمین خریدنے کا الزام تھا اور ملزمان نے قومی خزانے کو 490 ملین روپے کا نقصان پہنچایا تھا۔

این آئی سی ایل اسکینڈل

مئی دو ہزار دس میں ٹرانس پیرنسی انٹرنیشنل نے سپریم کورٹ کو خط لکھ کر نیشنل انشورنس کمپنی میں میگا اسکینڈل کا بھانڈہ پھوڑا تھا۔ جس پر عدالت نے ازخود نوٹس لیا تو بڑے بڑے پردہ نشینوں کے نام سامنے آئے تھے۔

این آئی سی ایل نے ستمبر 2009 سے فروری 2010 کے درمیان کراچی اور لاہور میں پانچ ارب روپے مالیت کے زمینوں کے پانچ سودے کیے تھے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے مطابق کراچی میں صرف ایک زمین کا سودا 90 کروڑ روپے میں کیا گیا جب کہ ادا کی گئی رقم زمین کی اصل مالیت سے تقریباً 49 کروڑ روپے سے زائد تھی جس میں سے 30 کروڑ روپے کک بکس کے طور پر واپس کردیئے گئے تھے جو 19 اکاوٴنٹس میں منتقل ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں