اسلام آباد: وزیرمملکت شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ ریاست پاکستان مضبوط ہے، بہادر سپوتوں کی ذمےداری حکومت پر ہے۔
انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہید طاہر داوڑ کے خاندان کے لیے وزیراعظم نے خصوصی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ جس کی مالیت سات کروڑ روپے ہے ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔
وزیرمملکت نے کہا کہ شہید ایس پی طاہر داوڑ ایک بہادر بیٹا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ طاہر داوڑ پر دو بار حملہ ہوچکا تھا۔ ان کے قتل کے بعد پی ایم نے نوٹس لیا اور جے آئی ٹی بنائی گئی جو اس کیس پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے پرپانچ ممبران پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی بنائے جائے گی۔ پارلیمانی کمیٹی جے آئی ٹی کے ساتھ رابطے میں رہے گی۔
شہریار آفریدی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں سے آج پاکستان کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ طاہر داوڑ کا تعلق ایسے علاقے سے ہے جس سے کے پی پولیس کی ذمہ داری دگنی ہو جاتی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ طاہر داوڑ کے بیٹے کو اے ایس آئی کی نوکری دی جائے گی۔
مولانا سمیع الحق کے معاملہ پر وزیراعظم نے انکوائری کا حکم دیا ہے،وزیرمملکت
مولانا سمیع الحق کے قتل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس معاملہ پر وزیر اعظم نے انکوائری کا حکم دیا ہے جب تک صورتحال واضح نہیں ہوجاتی اس بارے میں بات نہیں کی جاسکتی۔
انہوں نے بتایا کہ 99 فیصد انکوائری مکمل ہوچکی ہے ابھی اس لیے کچھ سامنے نہیں لاسکتے تاکہ تحقیقات پر فرق نہ پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ جلد ہی تحقیقات مکمل ہوں جائیں گی۔