بھارت کےساتھ تعاون جاری رکھنے کی کوشش کریں گے، نور الحق


اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ آئندہ بھی مختلف حوالے سے بھارت کے ساتھ کام کیا جاتا رہے گا، کرتارپور معاہدے کے بعد بھارت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی کوشش کریں گے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کرتارپور راہداری سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ہر حوالے سے  امن پر کام کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے حکومت اور وزیراعظم کافی عرصے سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

اس حوالے سے بھارتی صحافی رویندر سنگھ کا کہنا تھا کہ یہ ایک تاریخی موقع ہے، ان دو ممالک کے درمیان جن کے تعلقات مستقل نہیں رہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس منصوبے کی صلاحیت کو دیکھ کر ہی بھارتی حکومت رضا مند ہوئی۔

اس کے علاوہ جب وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری سے تحریک لبیک اور اسلامی نظریاتی کونسل کے کردار کے حوالے سے بات ہوئی تو ان کا کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کانسل سے صرف مشاورت لی جاتی ہے اور یہ خود سے کوئی اقدام نہیں اٹھا سکتی۔

تحریک لبیک کے خلاف کارروائی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کارروائی سیکیورٹی خدشات کے تحت کی گئی،خدشہ تھا کہ لاہور سے اگر ریلی نکلی تو سیکیورٹی کا مسئلہ ہوسکتا ہے۔

شہباز شریف پر صاف پانی کیس میں کی گئی کارروائی سے متعلق سابق وزیر اطلاعات اور ن لیگی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جس کیس میں شہباز شریف کو بلایا گیا اس میں گرفتار کرنے کے بجائے آشیانہ کیس میں گرفتار کیا گیا اور جب سوالات اٹھائے گئے تب جا کر اور اب صاف پانی میں کارروائی کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پورے ملک کو نظر آرہا ہے کہ نیب خود ایک پارٹی بنی ہوئی ہے۔ آشیانہ کیس سے متعلق ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہباز شریف نے 2013 میں نیب کو اس کیس کی تحقیق کرنے کا بولا تھا، اس سے پہلے 3 کامیاب اسیکمیں مکمل کی گئیں۔

سابق اسپیشل نیب پراسیکیوٹر شاہ خاور کا اسی حوالے سے کہنا تھا کہ نیب سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ اس بات کو مد نظر نہ رکھیں کہ کوئی کیس کتنا ہائی پروفائل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نیب کا کیس کمزور ہو جائے گا اگر ان کے پاس ٹھوس ثبوت نہیں اور اس لیے ان کو احتیاط برتنی ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دفاع ملزمان کرتے ہیں، نیب کو دفاعی پوزیشن نہیں اختیار کرنی چاہیے۔

آج کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز اور یاسر شاہ کی شاندار بولنگ کے حوالے سے سابق ٹیسٹ کرکڑ محمد اکرم کا کہنا تھا کہ کافی عرصے بعد پاکستانی ٹیم کی جانب سے ایسی کارکردگی دیکھنے کو ملی۔

ان کی رائے میں یاسر شاہ سے اب زیادہ کام نہیں کروانا چاہیے اور تھکانا نہیں چاہیے اور شاداب کو اس کی جگہ موقع دینا چاہیے۔

محمد اکرم کا کہنا تھا کہ موجودہ ٹیم کی کارکردگی گزشتہ ٹیموں سے بہتر ہے۔


متعلقہ خبریں