سندھ اسمبلی اجلاس: قونصل خانوں کے لیے ڈپلومیٹک انکلیو بنانے کا مطالبہ

فوٹو: ہم نیوز


کراچی: سندھ اسمبلی کے اجلاس میں تمام قونصل خانوں کے لیے ڈپلومیٹک انکلیو بنانے کا مطالبہ پیش کیا گیا ہے۔

جمعے کے روز سندھ اسمبلی کے اجلاس میں کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے کی شدید مذمت کی گئی اور شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف کی رکن ڈاکٹر سیما ضیا نے پارٹی کی جانب سے تمام قونصل خانوں کے لیے ڈپلومیٹک انکلیو بنانے کا مطالبہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں قونصل خانوں کے لئے ڈپلومیٹک انکلیو ہوتا ہے، اس طرح کے حساس دفاتر کے لیے الگ علاقہ مخصوص کیا جائے۔

واضح رہے جمعے کی صبح کراچی میں  موجود چینی قونصلیٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں دو اہلکار شہید اور جوابی فائرنگ میں تین دہشت گرد مارے گئے تھے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئی تھیں اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے چینی قونصل خانے پر حملے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حملہ پاک چین معاشی اور اسٹریٹجک تعلقات کےخلاف سازش ہے اور ایسے واقعات پاک چین تعلقات پر اثر انداز نہیں ہوسکتے۔


متعلقہ خبریں