حلیمہ خان کے معاملے پر جے آئی ٹی کب بنے گی، مریم اورنگزیب

ن لیگ کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

فائل فوٹو


اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور مسلم لیگ نون کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حلیمہ خان کے معاملے پر ایف آئی اے کب جے آئی ٹی بنائے گی ؟ موجودہ حکومت کی جانب سے حلیمہ خان کو این آر او دے دیا گیا۔

مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نا اہل اور یوٹرن حکومت ہے۔ حکومت کے 100 دن پورے ہونے کو ہیں لیکن اب تک وعدے پورے نہیں ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم تو حساب دے رہے ہیں اور گزشتہ 40 سال کا حساب دے رہے ہیں لیکن وزیر اعظم بتائیں کہ وہ کب حساب دیں گے۔ نمل یونیورسٹی میں خورد برد سامنے آئی تھی اس کا حساب کون دے گا۔

مسلم لیگ نون کی رہنما نے عمران خان سے پوچھا کہ وہ بتائیں کہ بنی گالا کا گھر کہاں سے بنا ہے اور اب وہ اپنے گھر کو ریگولرائز کرا رہے ہیں لیکن غریب عوام کے گھروں کو توڑ رہے ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ حلیمہ خان کی جائیداد کہاں سے آئی ہے اور کن شرائط پر حلیمہ خان کو این آر او دیا گیا ہے جب کہ اُن کا پیسہ پاکستان سے منی لانڈرنگ ہو کر باہر کیسے گیا ؟


متعلقہ خبریں