رحمتہ اللعالمینﷺ کانفرنس، جشن میلادالنبیﷺ کی تیاریاں عروج پر


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے پوری قوم کو ربیع الاول کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل سے دو روزہ رحمتہ اللعالمینﷺ کانفرنس منعقد کرانے جارہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے وزیراعظم عمران خان اور اختتامی سیشن سے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی خطاب کریں گے۔

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا کہ رحمتہ اللعالمینﷺ کانفرنس میں دنیا بھر سے عالمی مذہبی اسکالرز شرکت کریں گے۔

ہم نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہونے والی دو روزہ  کانفرنس کی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے وفاقی وزرا اور دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزیربرائے مذہبی امور نورالحق قادری، وفاقی وزیربرائے اطلاعات و نشریات فواد چودھری اور معاونین خصوصی افتخار درانی و ذوالفقار بخاری سمیت دیگر متعلقہ حکومتی افسران نے شرکت کی۔

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کی کانفرنس میں شرکت اور ان کے خطاب کو بھی حتمی شکل دی گئی۔

رحمتہ اللعالمینﷺ کانفرنس میں بھارت، ایران، سعودی عرب، عراق اور مصر سمیت دیگر ممالک کے اہم مذہبی اسکالرز شرکت کریں گے۔

اسلام آباد میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں شرکت کے لیے عالمی مذہبی اسکالرز کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق عراق سے ڈاکٹرعمار نقشوانی پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ ان کا شمار دنیا کے 500 بااثرمسلمانوں میں ہوتا ہے حالانکہ وہ کم عمر ترین مذہبی اسکالر ہیں۔

عراق سے تعلق رکھنے والے ممتاز مذہبی اسکالرعمار نقشوانی کا پاکستان آمد پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے استقبال کیا۔

پاکستان آمد پر عمار نقشوانی نے کہا کہ 12 ربیع الاول کی تقریب میں شرکت کے لئے خصوصی دعوت پر پاکستان آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی دعوت وزیراعظم پاکستان نے دی تھی۔

عمار نقشوانی نے کہا کہ اپنے خطاب میں اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھنے کا پیغام دوں گا اور حضرت محمد مصفطیٰﷺ  کی تعلیمات پر روشنی ڈالوں گا۔

ہم نیوز کے مطابق اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، ملتان، راولپنڈی، حیدرآباد، فیصل آباد، سکھر، مظفرآباد، ایبٹ آباد اور مری سمیت ملک کے دیگر شہروں، قصبوں اور گاؤں میں جشن میلادالنبیﷺ منانے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

سرکارﷺ کی آمد مرحبا، منٹھار کی آمد مرحبا، عید میلاد النبیﷺ کے موقع  کی مناسبت سے بچے، بڑے اور بزرگ سب ہی نہایت پرجوش انداز میں سبز جھنڈیاں خرید رہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق جشن میلادالنبیﷺ کے حوالے سے سبز برقی قمقمے نجی عمارات، مساجد اور مختلف مزارات کو بقعہ نور بنائے ہوئے ہیں جب کہ کئی گلیوں و محلوں میں سجاوٹ اپنے آخری مراحل طے کرتی نظرآرہی ہے۔

سجاوٹی اشیا کی خریداری کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد بچوں کے ہمراہ اردو بازاروں کا رخ کررہی ہے جہاں گہما گہمی عروج پر ہے۔ بچے اپنے والدین کے ہمراہ بازاروں سے سفید رنگ کے لباس اور سبز رنگ کے پٹکے اور عماموں کی خریداری میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں۔

چھوٹی چھوٹی ’گڑیاؤں‘ جیسی معصوم بچیاں موقع کی مناسبت سے سفید لباس اور سبز رنگ کی چوڑیوں کی خریداری ذوق و شوق سے کرہی ہیں۔ ان کی زبان پر معروف نعت خوانوں کی نعت کے معروف اشعاربھی ہیں۔ نعت خوانوں کی نعتیں بھی لوگوں کے جذبہ ایمانی کے لیے مہمیز کا کام دے رہی ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت دیگر شہروں میں اچھی بھلی ٹھنڈ کے باوجود بچوں کا جوش و خروش عروج پر ہے اور والدین کے اصرار کے باوجود وہ گھر جانے پر آمادہ نہیں ہیں۔

ملک کے مختلف شہروں میں خصوصی طور پر سجے بازاروں میں خریداری کرنے والے بچوں نے ہم نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ سجاوٹی اشیا اپنے گھروں کو سجانے کے لیے خرید رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ انتہائی عقیدت و احترام سے جشن میلادالنبیﷺ منائیں گے۔

بزرگوں اور بڑوں کا کہنا تھا کہ بیشک اس دن کو بھرپور جوش و جذبے سے منائیں کہ واقعی خوشی کا دن ہے لیکن اس بات کو ضرور ملحوظ خاطر رکھیں کہ عقیدت و احترام پیش نظر رہے اور وہ پیغام اذہان و دل میں تازہ رہے جو لے کر سرکار مدینہﷺ دنیا میں تشریف لائے تھے۔

جشن میلادالنبیﷺ کو منانے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد مٹھائی کا دکانوں کا بھی رخ کررہی ہے جہاں وہ دن کی مناسبت سے اپنے آرڈر لکھوارہی ہے۔ مٹھائی کی دکانوں پر کاریگروں کو اوورٹائم کے لیے بھی روک لیا گیا ہے۔

شہریوں میں سے کئی افراد جشن میلادالنبیﷺ کے موقع پر نماز فجر کے بعد مساجد، مزارات ، درگاہوں اور خانقاہوں  میں مٹھائیاں بھی تقسیم کرتی ہے جس کے لیے ابھی سے آرڈر دیے جاچکے ہیں۔ اس دن اللہ تعالیٰ کے حضور مساجد میں قرآن خوانی اور دعاؤں کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔

عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر میٹھی ڈشوں کی تیاری کو ممکن بنانے کے لیے شہری دودھ کی دکانوں کا رخ کررہے ہیں تو لوگوں کا رش پرچون کی دکانوں پر بھی نظر آرہا ہے جہاں چینی، چاول، اشرفی، چنے اور خشک میوہ جات کی خریداری عروج پہ دکھائی دے رہی ہے۔

شہریوں کی بڑی تعداد نے گوشت کے ناغہ کے باعث پیر کے دن ہی گوشت کی خریداری کی تاکہ انہیں بریانی یا پلاؤ پکانے میں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

جشن میلادالنبیﷺ کی بھرپور تیاریوں کے سلسلے میں لوگوں کی خاصی بڑی تعداد نے کیٹرنگ والوں کو بھی آرڈر لکھائے ہیں اور ان سے یقین دہانی حاصل کی ہے کہ وہ انہیں دیے گئے وقت پر دیگوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

ہم نیوز سے بات چیت میں کئی افراد کا کہنا تھا کہ وہ اس خوشی کے موقع پر زیادہ تر روایتی میٹھے کو ترجیح دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فیرنی، کھیر، شیرخورمہ اور اسی طرح کی دیگرمیٹھی ڈشیں ہیں جنھیں وہ گھر پر تیارکرواتے اور فاتحہ دلواتے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں جہاں ایک جانب عوام الناس جشن میلادالنبیﷺ بھرپور طریقے سے منانے کی تیاری کررہی ہے وہیں بھکاریوں کی بڑے پیمانے پر آمد و رفت دکھائی دے رہی ہے جو مختلف اہم مقامات، بازاروں اور دیگر جگہوں پر ڈیرہ جماتے نظر آرہے ہیں۔

عید میلادالنبی ﷺ کے موقع کی مناسبت پر جہاں لوگ خوشیاں منارہے ہوں گے وہیں پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی توجہ ان بھکاریوں پر بھی مرکوز ہوگی تاکہ ملک و ملت کے دشمن اپنی کسی بھی مذموم کارروائی میں کامیاب نہ ہوسکے۔


متعلقہ خبریں