پاکستان سپر لیگ، چھٹی ٹیم کے لیے پینل کااعلان

فائل: فوٹو


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی چھٹی ٹیم کے لیے پینل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پینل پی ایس ایل ڈرافٹ میں چھٹی ٹیم کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گا۔

اعلان کردہ پینل کی سربراہی سابق ٹیسٹ کرکٹرندیم خان کریں گے جبکہ شعیب ملک ٹیم کی کپتانی کے فرائض سرانجام دیں گے، پینل کے دیگر ممبران میں فیصل مرزا اور حیدر اظہر بطور کنسلٹنٹ اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔

جنوبی افریقہ کے سابق کھلاڑی یوہان بوتھا اورسابق ٹیسٹ اسپنرعبدالرحمان ویڈیو لنک کے ذریعے پینل کو دستیاب ہوں گے۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل 4 کے ڈرافٹ کی تقریب کل اسلام آباد میں ہوگی۔

یاد رہے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کی ٹیم ملتان سلطانز کا فرنچائز معاہدہ رقم کی ادائیگی نہ کرنے کی بنیاد منسوخ کردیا تھا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ 20 نومبر کو ڈرافٹ میں ملتان کی نمائندگی پی سی بی کرے گا اور ٹیم بھی بورڈ ہی منتخب کرے گا۔ملتان سلطانز کی ٹیم پی ایس ایل میں نئی فرنچائز آنے تک چھٹی ٹیم کہلائے گی۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ ’سکستھ ٹیم‘ کی فروخت کیلئے نیا ٹینڈر جاری کرے گا، نئے اونرز ٹیم کے شہر کا انتخاب اور اس کا نام رکھنےکیلئے آزاد ہوں گے۔

پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے بہتر مستقبل کیلئے معاہدے کی پابندی بہت ضروری تھی اور تمام شراکت داروں کو یقین دلاتے ہیں کہ پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن شیڈول کے مطابق ہی ہوگا۔


متعلقہ خبریں