سابق چیف جسٹس سعید الزماں صدیقی کی اہلیہ کے پلاٹ پر قبضہ


اسلام آباد: سابق چیف جسٹس آف پاکستان مرحوم سعید الزماں صدیقی کی اہلیہ کے جوڈیشل ٹاؤن میں پلاٹ پر قبضہ کرلیا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق مرحوم چیف جسٹس کی اہلیہ ڈاکٹر اشرف سعید الزماں اپنے بیٹے کے ہمراہ پلاٹ پر گئیں۔

سابق چیف جسٹس کی بیوہ کو مبینہ قبضہ مافیا کے مسلح افراد نے کلاشنکوف تان کر بھگا دیا۔

مرحوم چیف جسٹس کی اہلیہ اور بیٹے نے مری  چوکی تھانہ تریٹ میں درخواست دے دی ہے تاہم ابھی تک ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

ذرائع کے مطابق مرحوم چیف جسٹس نے 600 گز کا پلاٹ 1992 میں خریدا تھا۔

سابق چیف جسٹس کے بیٹے افنان سعید الزماں نے ہم نیوز کو بتایا کہ وہ کراچی میں رہائش پذیر ہیں اور اپنے پلاٹ کے گرد دیوار بنوانا چاہتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پتہ چلا کہ ہمارے ساتھ والے پلاٹ پر قبضہ ہوگیا ہے تاہم جب ہم یہاں پہنچے تو ہمارے پلاٹ پر بھی قبضہ کرلیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ جب وہ اپنے پلاٹ کے مقام پہنچے تو وہاں موجود لوگوں نے بتایا کہ یہ کنڈی صاحب کی جگہ ہے، آپ کے لیے بہتر ہوگا کہ آپ یہاں سے چلےجائیں۔

افنان سعید الزمان نے بتایا جہاں ان کا پلاٹ ہے وہاں کی سوسائٹی سے پتہ چلا کہ کنڈی صاحب کے پاس 10 سے 15 کینال زمین تھی جو قبضوں کے بعد 40 کینال ہوچکی ہے۔


متعلقہ خبریں