کراچی کے ویلڈر کے نام دبئی میں جائیداد نکل آئی


کراچی: ملک بھر میں کئی بے نامی اکاؤنٹس دریافت ہونے کے بعد اب پاکستانیوں کی بیرونِ ملک جائیدادیں بھی سامنے آنے لگیں ہیں۔

وفاقی  تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے مطابق کراچی میں ویلڈنگ کا کام کرنے والے عمران کی دبئی میں بے نامی جائیداد ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایف آئی اے نے نشتر روڈ گھانچی پاڑہ میں کام کرنے والے ویلڈر کو دبئی میں جائیداد کے حوالے سے نوٹس جاری کر دیا اور اسے 20 نومبر کو کاغذات سمیت طلب کیا ہے۔

عمران کے مطابق اسے جائیداد کا کوئی علم نہیں، اس کے پاس 30 سال سے پاسپورٹ تک نہیں، وہ ایک غریب انسان ہے اور گیٹ جالی کی ویلڈنگ کا کام کرتا ہے ۔

عمران کے مطابق وہ آج تک دبئی نہیں گیا اور نہ ہی وہاں پر جائیداد کا تصور کر سکتا ہے۔

یاد رہے کہ ایف آئی اے ان دنوں منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات میں مصروف  ہے اور اس سے پہلے پاکستان میں  سات مختلف شخصیات کے 29 بینک اکاؤنٹس سامنے آ چکے ہیں۔

ان اکاؤنٹس میں بڑی رقومپائی گئیں اور متعدد افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جا چکی ہے مگر یہ پہلا موقع ہےکہ کسی پاکستانی کی دبئی میں بے نامی جائیداد بھی سامنے آئی ہے۔


متعلقہ خبریں