بینک فراڈ میں ملوث گروہ کا کارندہ گرفتار

بینک فراڈ میں ملوث گروہ کا کارندہ گرفتار | urduhumnews.wpengine.com

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے بینک فراڈ میں ملوث گروہ کے ایک فرد کو گرفتار کرلیا ہے۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے آصف اقبال کا کہنا ہے کہ ملزم شبیر کو حافظ آباد سے گرفتار کیا گیا ہے جس کا تعلق بینک فراڈ میں ملوث  گروہ سے ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ شبیر کی نشاندہی پہلے سے گرفتار ایک ملزم شفیق نے کی تھی  جسے28 ستمبر کو حافظ آباد میں بینک سے رقم نکلواتے وقت گرفتار کیا تھا۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ شبیر سے فراڈ میں ملوث گروہ کے بارے میں اہم معلومات ملی ہیں اور بہت جلد پنجاب کے مختلف شہروں سے اہم گرفتاریاں ہوں گی۔

اسکول ٹیچر کے اکاؤنٹ سے چار لاکھ روپے غائب

دوسری جانب بورے والا میں سرکاری اسکول ٹیچر کے بینک اکاؤنٹ سے چار لاکھ روپے غائب ہوگئے ہیں جب کہ راولپنڈی اور میاں چنوں میں تین لاکھ سے زائد کا فراڈ سامنے آیا ہے۔

راولپنڈی کے شہری طیب خان کے اکاونٹ سے 2 لاکھ 60 ہزار روپے غائب ہو گئے ہیں جس کا اکاؤنٹ بحریہ ٹاؤن فیز سیون میزان بینک میں ہے۔

متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ اس نے یکم اگست کو اپنا کاؤنٹ فعال کرایا تھا جس میں اہلیہ کے زیور کی رقم تھی۔

طیب خان کا کہنا ہے کہ رقم 25 اکتوبر کو نکالی گئی اور بینک انتظامیہ کسی قسم کا تعاون نہیں کر رہی ہے۔

متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ میری ساری جمع پونچی لٹ چکی ہے اور ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں درخواست دینے کے باوجود کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

بینک فراڈ کا شکار ہونے والے شخص نے چیف جسٹس آف پاکستان سے درخواست کی ہے کہ فراڈ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے۔


متعلقہ خبریں